میئر اسلام آباد کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میئر اسلام آباد کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میئر اسلام آباد کی خالی نشست پر ضمنی انتخاب 28 دسمبر کو ہو گا۔ میئر اسلام آباد کے ضمنی انتخاب کے لیے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کو ریٹرننگ افسر تعینات کر دیا گیا ہے۔

میئر اسلام آباد کے لیے کاغذات نامزدگی 11 دسمبر کو ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اسلام آباد کے دفتر سے صبح 9 سے شام 5 تک حاصل کیے جا سکیں گے۔

میئر اسلام آباد کے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات 14 دسمبر تک جمع کرائے جا سکیں گے۔  امیدواروں کے کاغذات نامزدگی پر ریٹرنگ افسر کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں 17 دسمبر کو ایپلٹ اتھارٹی کے دفتر میں دائر ہونگی۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق میئر اسلام آباد کے امیدواروں کو 22 دسمبر کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا

خیال رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز سے تعلق رکھنے والے اسلام آباد کے میئر شیخ انصر عزیز نے 6 اکتوبر کو اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

شیخ انصر عزیز نے الزام لگای تھا کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی اداروں کے معاملات و اختیارات میں مداخلت کر رہی ہے اور شہر کے معاملات سے متعلق ان کو دیوار سے لگایا گیا تھا۔

یاد رہے کہ حکومت نے17 مئی کو انصر عزیز کو 90 روز کیلئے معطل کر دیا تھا تاہم 21 مئی کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے انہیں دوبارہ عہدے پر بحال کرنے کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جج جسٹس محسن اختر کیانی نے سیکریری چیئرمین لوکل کمیشن کی جانب سے پیش کیے گئے ریکارڈ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے استفسار کیا تھا کہ کیا ایم سی آئی کے ساتویں اجلاس کے ایجنڈے میں میئر کی معطلی شامل تھی۔ سیکرٹری چیئرمین لوکل کمیشن نے عدالت کو بتایا تھا کہ اجلاس کے ایجنڈے میں میئر کی معطلی شامل نہیں تھی بلکہ حکومت کی جانب میئر اسلام آباد کی معطلی کا مقصد ان کے خلاف الزامات کی صاف شفاف انکوائری کرنا تھا۔

 


متعلقہ خبریں