صنعت کاری کے شعبے میں ترقی سے ملکی آمدنی میں اضافہ ہو گا، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ صنعت کاری کے شعبے میں ترقی سے ملکی آمدنی میں اضافہ ہو گا اور لوگوں کو روزگار کے بہتر مواقع میسر ہوں گے ۔

انہوں نے یہ بات اپنے زیر صدارت ہونے والے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے اجلاس کے دوران کہی۔

اجلاس میں وزیرِ صنعتی پیداوار حماد اظہر، مشیرِ تجارت عبد الرزاق داؤد، مشیرِ خزانہ عبد الحفیظ شیخ، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں وزارت صنعتی پیداوار کی جانب سے موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی کے نفاذ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ موبائل فون کے حوالے سے پاکستان ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے ، ملک میں سالانہ تقریبا چار کروڑ موبائل فون خریدے جاتے ہیں۔

وزیر اعظم: انڈسٹریل پیکج پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت

مزید بتایا گیا کہ ڈی آئی آر بی ایس سسٹم کے اطلاق کے بعد ملک سے موبائل فون اسمگلنگ کا خاتمہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے ریونیو 22 ارب سے بڑھ کر 54 ارب روپے تک پہنچ گیا ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سسٹم کے اطلاق کے بعد اب کئی انٹرنیشنل کمپنیاں پاکستان میں مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ کے لئے بھی دلچسپی ظاہر کر رہی ہیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارا مقصد ملک میں صنعتی پیداوار کو بڑھانا ہے۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ بیرونی سرمایہ کاری اور صنعتکاری کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کیا جائے اور تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ صنعت کاری کے شعبے میں ترقی سے ملکی آمدنی میں اضافہ ہو گا ۔


متعلقہ خبریں