ایسا قانون لارہے ہیں جس میں غلط کام کرنے والے افسران کی پکڑ ہوگی، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ایسا قانون لارہے ہیں جس میں غلط کام کرنے والے افسران کی پکڑ ہوگی

اسلام آباد، میں سٹیزن پورٹل کی 2 سالہ کارکردگی کےحوالے سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں حکمران خود کو مطلق العنان سمجتھے رہے ہیں۔ انگریزوں کے بعد حکمرانوں نے وہی طرز اپنایا۔ عوام کی خدمت کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد حکومت کرنے والوں کی ذہنیت تبدیل نہیں ہوئی۔ غلاموں کے وہ حقوق نہیں ہوتے جو آزاد شہری کے ہوتے ہیں۔ ریاست مدینہ دنیا کی پہلی فلاحی ریاست تھی۔ ریاست مدینہ میں غریبوں اوریتیموں کاخیال رکھاجاتا۔

مزید پڑھیں: پاکستان سٹیزن پورٹل پر زینب الرٹ ایپ کا اجرا

وزیراعظم نے کہا کہ ڈی سی،اے سی یا کوئی تھانیدار عوام سے پیسوں کا مطالبہ کرے تو سٹیزن پورٹل پرنشاندہی کریں۔ ضلعی سطح پرجو افسر تنگ کررہا ہے،سٹیزن پورٹل پر اس کی نشاندہی کریں،حکومت ازالہ کرےگی۔ ایسے ریفارمزلارہے ہیں جوغلط کام کرے گا اس کا تبادلہ نہیں کریں گے، بلکہ نوکری سے فارغ کیا جائے گا۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 30 لاکھ لوگوں نے سٹیزن پورٹل کا استعمال کیا۔ سٹیزن پورٹل پرلوگوں نےمختلف اداروں کی نشاندہی کی۔ میونسپل سے متعلق زیادہ شکایات سے اندازہ ہوتا ہے کہ موجودہ لوکل سسٹم درست نہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم گاوَں کی سطح تک بلدیاتی نظام کے ذریعے اختیارات دیں گے۔ ایسا نظام لارہے ہیں جس میں لوگوں کے مسائل شہری حکومت حل کرے گی۔

عمران خان نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں نے بھی سٹیزن پورٹل کا استعمال کیا اور اعتماد کا اظہار کیا۔ اوورسیز پاکستانیوں سے کہتا ہوں کہ سٹیزن پورٹل پر اپنے مسائل کی نشاندہی کریں۔

تقریب شرکا کو پاکستان سٹیزن پورٹل کی کارکردگی سے متعلق بریفنگ  میں بتایا گیا کہ اب تک پورٹل پر ملنے والی 27 لاکھ میں سے 25 لاکھ شکایات کا ازالہ کیا جاچکا ہے۔ ایک لاکھ سے زائد سمندر پار پاکستان کی شکایات کا بھی ازالہ کیا جاچکا ہے۔

انچارج سٹیزن پورٹل کے مطابق بغیرسیاسی اثررسوخ کے شکایات کا ازالہ اور عوامی مسائل حل کیے جارہے ہیں۔

 


متعلقہ خبریں