بلاول نے کورونا کو شکست دیدی، قمر زمان کائرہ


لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان نے کہا ہے کہ پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے۔ 

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کورونا ٹیسٹ منفی آگیا ہے۔

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ کے دیگر جلسوں کی طرح لاہور جلسہ بھی بڑا ہوگا۔ اپوزیشن جماعتیں لاہور جلسے کے لیے تیاری کر رہی ہیں۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ لگتا ہے کہ عمران خان کے ساتھ مل جانے والے تمام افراد کے گناہ دھل گئے ہیں۔ وزیراعظم کا رویہ اور لہجہ نامناسب ہے۔ حکومت کا رویہ تضحیک آمیز ہے۔ ہم حکومت سے کسی رعایت کی توقع نہیں رکھ رہے ہیں۔

رہنما پیپلز پارٹی قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت صرف عوامی مسائل حل کرے۔ ادویات کے قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کردیا گیا ہے۔ ہم بجلی اور گیس سستی کرنے کا مطالبہ کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آٹا، چینی، ادویات اور تیل پر کمیشن بنایا گیا تھا، اس کا کیا ہوا؟ حکومت کے تمام نوٹسز عوام پر بوجھ  بن کر گرے ہیں۔ نیب کے چیئرمین بھی جاگ جائیں اور حقائق سامنے لائیں۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم نے لاہور میں پنڈال سجانے کی تیاری شروع کر دی

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کا لاہور جلسہ پرامن ہوگا، گزشتہ روز سے حکومت غیر مناسب رویہ اختیار کر رہی ہے۔ ملتان جلسہ سے قبل  گرفتاریاں غیر قانونی  تھیں، ملتان میں لوگوں کو بلاوجہ گرفتار کیا گیا۔

سابق وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ پولیس غیر جانبدار رہے گی تو اچھی بات ہوگی، ملتان جلسے کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی تو ہر جگہ جلسہ رہا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ حکومت لاہور جلسہ روکنے کے لیے آگے نہ بڑھے، حکومت  غیرقانونی مقدمات میں ریکارڈ بنا رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ فیصل آباد سے لیگی کارکن لاہور جلسہ میں بھرپور شرکت کریں گے، ورکرز کنونشن پی ڈی ایم کے لاہور جلسہ کی تیاریوں سے متعلق ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ڈپٹی کمشنر (ڈی سی) نے مسلم لیگ ن کے کارکنوں کی بےجا پکڑ دھکڑ کی،  انتظامیہ اندازے سے لیگی کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کر رہی ہے۔


متعلقہ خبریں