پاکستان کا وہ علاقہ جہاں پہلی بار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے

ڈیرہ بگٹی: پہاڑی علاقوں میں پہلی بار بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے گئے

ڈیرہ بگٹی: بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی کے سنگلاخ پہاڑ بھی پولیو ورکرز کی راہ میں رکاوٹ نہ بن سکے، ٹیموں نے پہلی بار دور دراز پہاڑی علاقوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلادیے۔

محکمہ صحت بلوچستان کے مطابق ایسے دور دراز علاقوں میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے جہاں اس سے قبل کبھی کوئی پولیو ٹیم نہیں پہنچ پائی تھی۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق دشوار گزار راستوں کی وجہ سے پولیو ورکرز کو 12 کلومیٹر پیدل چلنا پڑا۔ سیکیورٹی فورسز اور بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکار بھی پولیو ورکرز کے ہمراہ موجود تھے۔

 

علاقہ مکینوں نے محکمہ صحت، پولیو ورکرز اور سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔

دوسری جانب پولیو ورکرز نے آزاد جموں و کشمیر کے ضلع وادی نیلم میں بھی عزم و ہمت کی مثال قائم کردی۔ پولیو ٹیموں نے برف پوش پہاڑوں میں بھی کامیابی سے اپنا مشن مکمل کیا۔

 

پولیو ورکرز چار سے پانچ فٹ برف میں پیدل چل کر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے پہنچے۔ میرپور آزاد کشمیر میں انسداد پولیو مہم کے دوران 64 ہزار بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے گئے۔

محکمہ صحت ازاد کشمیر کے مطابق پولیو ورکرز دور دراز اور کٹھن علاقوں میں بھی پہنچے اور بچوں کو قطرے پلائے گئے۔

خیال رہے کہ تیسری قومی انسداد پولیو مہم کے دوران ملک بھر میں تین روز میں 87 فیصد ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔

قومی انسداد پولیو مہم کے ابتدائی تین دن کی کارکردگی رپورٹ کے مطابق پولیو مہم کا ہدف 39 ملین بچوں کو ٹیکہ لگا ہے۔ تین روزہ پولیو مہم میں 34.3 ملین بچوں کی پولیو ویکسینیشن مکمل کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق ملک میں 3  اور 4 دسمبر انسداد پولیو مہم کے کیچ اپ ڈیز ہوں گے۔ کراچی کے حساس علاقوں میں کیچ اپ ڈیز 6 دسمبر تک جاری رہیں گے۔ کوئٹہ، پشاور، خیبر بلاک میں کیچ اپ ڈیز 6 دسمبر تک جاری رہیں گے۔ کیچ اپ ڈیز میں رہ جانے والے بچوں کی پولیو ویکسینیشن ہو گی۔

مزید پڑھیں: عمران خان سے بل گیٹس کا رابطہ، کورونا اور پولیو مہم پر تبادلہ خیال

رپورٹ کے مطابق پنجاب میں 91 فیصد، سندھ 84 فیصد، خیبر پختونخوا 83  اور بلوچستان میں 72 فیصد بچوں کی پولیو ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے۔

کارکردگی رپورٹ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر میں 95 فیصد، گلگت بلتستان 89 فیصد اور وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 91 فیصد بچوں کی پولیو ویکسینیشن مکمل کرلی گئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق قومی انسداد پولیو مہم ملک کی 7292 یونین کونسلز میں جاری ہے۔ پنجاب کی 3572 یونین کونسلز، سندھ کی 1125، خیبر پختونخوا کی 1430 اور بلوچستان کی 778 یونین کونسلز میں پولیو مہم جاری ہے۔

قومی انسداد پولیو مہمکی کارکردگی رپورٹ کے مطابق آزاد جموں و کشمیر کی 209 یونین کونسلز اور گلگت بلتستان کی 110 یونین کونسلز میں پولیو مہم جاری، ہے۔ قومی انسداد پولیو مہم میں 2 لاکھ 85 ہزار ورکرز حصہ لے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں