چین چاند پر جھنڈا گاڑنے والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا


چین چاند پر جھنڈا گاڑنے والا دنیا کا دوسرا ملک بن گیا ہے، اس سے قبل 50 سال پہلے امریکہ نے چاند پر اپنا جھنڈا لہرایا تھا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق چین کی نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن کی جانب سے چاند کی سطح پر لگائے گئے جھنڈے کی تصاویر شیئر کی گئی ہیں۔

تصاویر میں پرچم کو چاند کی سطح پر ساکن کھڑا دیکھا جاسکتا ہے،کپڑے سے تیار جھنڈے کی چوڑائی 2میٹر جبکہ لمبائی 90سینٹی میٹر ہے جب کہ جھنڈے کا وزن ایک کلو گرام کے قریب ہے۔

رپورٹ کے مطابق جمعرات کے روز چین کے خلائی مشن پر موجود چانگ 5 نامی جہاز نے چاند سے نمونے اٹھانے کے بعد یہ تصاویر لی تھیں۔

بی بی سی کے مطابق اس سے قبل چاند پر جانے والے چینی مشنز میں چاند کی سطح پر جھنڈا نہیں گاڑا جا سکا تھا۔

اس کے علاوہ چین روس اور امریکہ کے بعد چاند سے نمونے اکھٹے کرنے والا تیسرا ملک بھی بن گیا ہے۔

خیال رہے کہ دو روز قبل چین کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا تھا کہ چین کا ‘چینگ 5 مشن’ کامیابی سے چاند کی سطح پر اتر گیا ہے۔

بی بی سی کے مطابق  اس سے قبل 44 برس قبل سویت یونین کے لونا 24 مشن کے دوران چاند کی سطح سے صرف 200 گرام مٹی معائنے کے لیے اکٹھی کی گئی تھی۔

امریکی خلائی ادارے ناسا نے اس مشن کی کامیابی پر چین کو مبارکباد دی ہے۔

ناسا کے اعلیٰ عہدیدار ڈاکٹر تھومس زربوچن کا کہنا تھا کہ وہ امید کرتے ہیں کہ اس کہ عالمی تحقیقاتی برادری کو زمین پر بھیجے جانے والے نمونے کو بہتر طور پر جانچنے کا موقع ملے گا۔


متعلقہ خبریں