ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 22 پاکستانی ڈی پورٹ


استنبول: ترکی میں غیر قانونی طور پر مقیم 22 پاکستانی شہریوں کو ڈی پورٹ کر دیا گیا ہے۔

ڈی پورٹ ہونے والی پاکستانی شہری پرواز ٹی کے 710 کےذریعے استنبول سے اسلام آباد  پہنچ گئے ہیں۔

ایئر پورٹ حکام کے مطابق 11 افراد کو امیگریشن  کے بعد جانے کی اجازت دے دی گئی جبکہ 11 دیگرافراد کو ایف آئی اے کے انسداد اسمگلنگ  سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایف آئی اے کی کارروائی، حوالہ ہنڈی کےخفیہ نیٹ ورک سے وابستہ ملزم گرفتار

قبل ازیں ترکی نے غیر قانونی طور پر مقیم 30 پاکستانی شہریوں کو ملک بدر کر دیا تھا۔ پاکستانی شہری پرواز ٹی کے 710 کے ذریعے استنبول سے اسلام آباد پہنچے۔

ایئر پورٹ حکام کا کہنا تھا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے پاکستانیوں کو انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کر دیا۔

اس سے قبل ایف آئی اے نے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے جعلی دستاویز ات کے ذریعے بیرون ملک جانے کی کوشش ناکام بنا دی تھی اورجعل سازی میں ملوث ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایف آئی اے امیگریشن حکام نے سیالکوٹ کے رہائشی مسافر محمد بلاول کا ویزہ جب چیک کیا تو وہ جعلی نکلا۔

ذرائع کے مطابق مسافر محمد بلاول پرواز ای کے – 781 کے ذریعے کینیڈا جانے کے لیے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچا تھا۔

ذرائع کے مطابق جب ایف آئی اے امیگریشن حکام نے سیالکوٹ کے رہائشی مسافر محمد بلاول سے پوچھ گوچھ کی تو اس نے بتایا کہ اس نے ایجنٹ سے ویزہ خریدا۔

محمد بلاول کے مطابق اس نے ایجنٹ کو کینیڈا کے ویزے کی خاطر 35 لاکھ روپے کی خطیر رقم ادا کی۔

ہم نیوز کو ذرائع نے بتایا ہے کہ محمد بلاول کی نشاندہی پر جعلی ویزہ فروخت کرنے والے ایجنٹ کو بھی ایف آئی اے امیگریشن حکام نے گرفتار کرلیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ایئرپورٹ پر منی لانڈرنگ کی کوشش ناکام

اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے ذمہ دار ذرائع کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن حکام نے مسافر اور ایجنٹ دونوں کو گرفتار کرکے انسداد انسانی اسمگلنگ سیل منتقل کردیا تھا۔


متعلقہ خبریں