لاہور جلسہ پی ڈی ایم کے بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ہو گا، فیاض چوہان

فائل فوٹو


لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ لاہور جلسہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے ملک دشمن بیانیے کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہو گا۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کو اب تک چاروں صوبوں سے ہزیمت کے سوا کچھ نہیں ملا، پنجاب کا دل کرپشن اور خاندانی سیاست کرنے والوں کے ساتھ کبھی نہیں دھڑک سکتا۔

یہ بھی پڑھیں: ہم 13 دسمبر کو حکومتی کورونا کا علاج کریں گے، رانا ثنا اللہ

انہوں نے کہا کہ لاہور میں بھی پاکستان ڈیمولشنگ موومنٹ کا پھیکا چورن نہیں بکنے والا، کرپشن کے کرداروں کو چاہیے احتساب کا سامنا خشوع و خضوع سے باجماعت کریں۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ مریم نواز ہی پارٹی کو لیڈ کر رہی ہیں اور ہم سب ان کے ساتھ ہیں۔

مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رانا ثنا اللہ نے عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میرے خلاف بیان دلوانے کے لیے کئی لوگوں کو پکڑا گیا لیکن ان سب نے ہی میرے حق میں بات کی۔

انہوں نے کہا کہ ارشد ملک وفات پا چکے ہیں اس لیے ان کے حوالے سے بات نہیں کرنی چاہیے تاہم یہ لوگ ارشد ملک جیسے جج تیار کرتے ہیں۔ اسپیشل کورٹس سے کسی کو انصاف نہیں مل سکتا۔

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ یہ لوگ پوری دنیا میں میری ایک روپے مالیت کی جائیداد منظرعام پر نہیں لا سکے۔

لاہور جلسے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 13 دسمبر کو انشاء اللہ لاہور میں جلسہ ضرور ہو گا جبکہ نواز شریف کا مؤقف ہے یہ ملک قانون اور آئین کے مطابق چلنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹھارویں ترمیم کے ذریعے وزیراعلیٰ ڈکٹیٹر بن گئے ہیں، مصطفیٰ کمال

رہنما ن لیگ نے کہا کہ گزشتہ روز سے حکومت غیر مناسب رویہ اختیار کر رہی ہے تاہم اگر پولیس غیر جانبدار رہے گی تو اچھی بات ہوگی۔ ملتان جلسے کو ناکام بنانے کی کوشش کی گئی تو ہر جگہ جلسہ ہوا۔ ہم 13 دسمبر کو حکومتی کورونا کا علاج کریں گے۔


متعلقہ خبریں