محکمہ موسمیات کی آئندہ ہفتے بارش اور برفباری کی پیش گوئی

محکمہ موسمیات نے مختلف علاقوں میں بارش کی پیشنگوئی کردی

اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیش گوئی کر دی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ اتوار سے مغربی اور بالائی علاقوں میں داخل ہو گا، پیر، منگل کو مری اور گلیات میں برفباری متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ عبداللہ اور سیف اللہ میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔

اس کے علاوہ محکمہ موسمیات نے پیر سے منگل کے دوران اسلام آباد، پشاور،لاہور، سیالکوٹ، میانوالی،خوشاب،چارسدہ، گوجرانوالہ اور گجرات میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں ترجمان محکمہ موسمیات خالد ملک نے ہم نیوز کے پروگرام ’صبح سے آگے‘ میں گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ ملک میں دسمبر کے پہلے ہفتے میں پھر بادل برسیں گے۔

ہر پانچ ميں سے چار بڑی قدرتی آفات موسمياتی تبديلوں کی وجہ سے آئيں، رپورٹ

انہوں نے کہا کہ سات اور آٹھ دسمبر کو ملک کے اکثرعلاقوں میں بارش ہو گی جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اس بار سردی کا دورانیہ طویل ہو گا اور کراچی والوں کو سردی زیادہ لگے گی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

کشمیر، گلگت بلتستان اور بالائی خیبر پختونخوا میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ موسم شدید سرد رہے گا۔

پنجاب کے بعض میدانی علاقوں میں صبح کے اوقات میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔


متعلقہ خبریں