پشاور: خیبر ٹیچنگ اسپتال میں آکسیجن کی عدم فراہمی سے 6 مریض جاں بحق



پشاور کے بڑے خیبر ٹیچنگ اسپتال میں مریضوں کیلئےآکسیجن سپلائی ختم ہونے سے 6 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں۔

ترجمان اسپتال کے مطابق گزشتہ رات آکسیجن کی سپلائی کم پڑگئی تھی۔ ہمارے پاس کورونا مریضوں کی تعداد بہت زیادہ ہے۔

متاثرہ افراد میں زیادہ ترکورونا کے مریض تھے اور 3کی حالت تشویشناک ہے۔

صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی نے ہم نیوز کیساتھ خصوصی بات کرتے ہوئے بتایا کہ واقعے سے متعلق 48 گھنٹے کے اندرتحقیقات کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ذمہ داروں کو سامنے لا کر ان کے خلاف کارروائی ہوگی۔ ایسے واقعات سے پورے ادارے کی بدنامی ہوتی ہے۔

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا نے اس ضمن میں بتایا کہ 48گھنٹے کے اندر واقعے پر کارروائی کی ہدایت کی ہے۔ تحقیقات اطمینان بخش نہ ہوئی تو حکومت انکوائری کا حکم دے گی۔

تیمور سلیم جھگڑا کا کہنا ہے کہ اسپتال میں آکسیجن کی فراہمی کم ہوئی۔ یہ واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہایاتو آکسیجن فراہمی میں مسئلہ تھا یا غفلت ہوئی۔

ان کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تفصیلات آنے کا انتظار ہے۔ زیادہ تر آکسیجن سلنڈر پر کورونا کے مریض ہیں۔ انتقال کرنے والے مریضوں کی تعداد پر ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

ہم نیوز کے نمائندے نے بتایا کہ اسپتال کو ہنگامی بینادوں پر آکسیجن کی سپلائی فراہم کردی گئی ہے اور5 ہزار لیٹر پہنچا دی گئی ہے۔ آکسیجن کی عدم دستیابی سے کتنے مریض متاثر ہوئے یہ اندازہ لگانا ابھی مشکل ہے۔

خیبر ٹیچنگ اسپتال کو گزشتہ روزانہ10 ہزار لیٹر آکسیجن درکار ہوتی ہے اور یہ روزانہ سپلائی کی جاتی ہے، لیکن گزشتہ روز آکسیجن  نہیں پہنچائی گئی۔

صوبائی مشیراطلاعات کامران بنگش نے ہم نیوز کو بتایا اسپتال میں روزانہ کی بنیاد پر آکسیجن فراہم کی جاتی ہے۔گزشتہ رات اسپتال میں آکسیجن کی کمی کا سامنا ہوا۔ 100کے قریب مریضوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بورڈ آف گورنرز کو 48گھنٹے میں تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ حکومت مطمئن نہ ہوئی تو آزاد تحقیقات ہوں گی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے واقعہ پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئےانکوائری کا حکم دے دیا ہے۔

 


متعلقہ خبریں