سندھ میں کورونا کے مزید 2 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ


کراچی: سندھ میں 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس سے مزید 8 افراد جاں بحق جب کہ  2 ہزار 13 متاثر ہوئے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے بتایا ہے کہ سندھ میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 84 ہزار 486 ہو گئی ہے جب کہ 3 ہزار 19 اموات ہوئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں کورونا کے 769 مریضوں کی حالت تشویشناک جب کہ 82 وینٹی لیٹرز پر موجود ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں کورونا کے 1594 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد وبا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 29 ہزار 19 ہو گئی ہے۔

ملک بھر میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 6 فیصد ہوگئی

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے پاکستان میں آج مزید 58 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی کل تعداد 8 ہزار 361 ہو گئی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق کورونا کے مزید 3 ہزار 308 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4لاکھ 16 ہزار 499  تک پہنچ چکی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 55 ہزار 12 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں اور 53 ہزار 126 زیر علاج ہیں۔


متعلقہ خبریں