سپریم کورٹ میں پہلی بار وکیل کے گھر بیٹھ کر ویڈیولنک کے ذریعےدلائل

فائل فوٹو۔–


سپریم کورٹ آف پاکستان نے تاریخ میں پہلی بار کسی وکیل کو وڈیو لنک کے ذریعے گھر بیٹھ کر دلائل کی اجازت دے دی ہے۔

عدالت میں شاہین ایئرپورٹ سروسز سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران سپریم کورٹ کے حکم پر کراچی رجسٹری نے وڈیو لنک کی سہولت فراہم کی۔

سپریم کورٹ کا تین رکنی بینچ نظرثانی اپیل کی سماعت کر رہا تھا۔ علالت کے باعث وکیل خالد انور عدالت میں پیش ہونے سے قاصر تھے۔

جسٹس مشیر عالم نے کہا کہ کورونا کے باعث وڈیو لنک کی سہولت خالد انور کو فراہم کی گئی ہے۔ مقدمات کی تیز سماعت اور عوام کی سہولت کے لیے تجربہ کامیاب ہونے پر آگے بڑھائیں گے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل وکیل دوسرے شہر کی رجسٹری میں پیش ہوکر ویڈیو لنک کے ذریعے دلائل دے سکتا تھا لیکن گھر سے دلائل پہلی بار دیئے گئے ہیں۔

قبل ازیں سپریم کورٹ آف پاکستان نےای کورٹ نظام کے ذریعے مقدمات کی سماعت کا سلسلہ شروع کیا تھا۔ ای کورٹ سے کم خرچ سے فوری انصاف ممکن ہو سکے گا، دنیا بھر میں پاکستان کی سپریم کورٹ میں ہی ای کورٹ نظام کا پہلی مرتبہ آغاز ہوا تھا۔

نظام سے سائلین پر مالی بوجھ بھی نہیں پڑے گا۔ ای کورٹ کے تحت پہلے مقدمے کے آغاز میں ویڈیو لنک کے ذریعے کراچی سے وکلا نے دلائل دیئے تھے۔


متعلقہ خبریں