حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، وزیراعظم

حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اپوزیشن اپنی کرپشن بچانے کے لیے اب عوام کی زندگیاں خطرے میں ڈال رہی ہے۔ یہ مجھےجانتے نہیں، میری حکومت بھی چلی جائے تو احتساب پر سمجھوتہ نہیں کروں گا۔

حکومتی وپارٹی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے وزیراعظم نے کہا کہ خود انکا سارا خاندان باہر بیٹھا ہے،یہاں عوام کو اپنے لیے استعمال کر رہے ہیں۔ مینار پاکستان پر دس جلسے کرلیں،حکومت کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں عوام کی فکر ہے،جلسے کو سروس فراہم کرنے والوں کے خلاف مقدمات قائم کریں گے۔ ہم جلسہ نہیں روکیں گے،ان کی خواہش ہےکہ حکومت جلسہ روکے۔ اپوزیشن تصادم چاہتی ہے،حکومت ان کوتصادم کاموقع فراہم نہیں کرے گی۔

وزیراعظم نے اجلاس کے دوران کہا کہ  میں نے دیکھا ہے کہ فردوس عاشق اعوان پنجاب جا کر بہت ایکٹو ہوگئی ہیں۔ تحریک انصاف کے لوگوں کواسی جنون کی ضرورت ہے۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم کے معاونین خصوصی کی تعیناتیاں چیلنج کرنے کیخلاف درخواستیں خارج

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں لاہورمیں سرکاری زمینوں پر قبضےکے خلاف جاری آپریشن پر بھی گفتگو ہوئی۔

وزیراعظم نے حکم دیا کہ سرکاری زمینوں پر قبضے کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ قبضہ مافیا کےخلاف ایکشن ملک بھرمیں تیز کریں گے۔ ہر جگہ قبضہ مافیا کے پیچھے سیاسی لوگوں کا ہاتھ ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ان کو خوف ہے کہ حکومت چلتی رہی تو ان کے کارنامے سامنے آتے رہیں گے۔ سارے ملکر زور لگارہے ہیں کہ حکومت چلی جائے اور انکی چوری بچ جائے۔ کسی سیاسی  یا قبضہ مافیا کو این آر او نہیں ملے گا۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں کورونا وائرس کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔


متعلقہ خبریں