ٹرمپ کا بائیڈن کی حلف برداری والے دن بڑی ریلی نکالنے کا منصوبہ

امریکہ میں صدر کو برطرف کرنے کا مطالبہ، مشاورت جاری

فائل فٹو


صدر ٹرمپ جوبائیڈن کی حلف برادری والے دن فلورائیڈا میں بڑی احتجاجی ریلی پلان کرنے میں مصروف ہیں۔

مغربی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ بیس جنوری کو اگلے صدارتی الیکشن کیلئے اپنے آپ کو صدارتی امیدوار نامزد کرسکتے ہیں۔

خبر رساں ایجنسی کے مطابق صدر ٹرمپ وائٹ ہاوس سے نکل کر فلورئیڈا پہنچیں گے جہاں وہ ایک ریلی کی قیادت کریں گے۔

اس کے ساتھ ہی صدر ٹرمپ کے جو بائیڈن کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت پر بھی سوال اٹھ گئے ہیں۔ صدر ٹرمپ حلف برادری والے دن اگلے الیکشن کیلئے امیدوار ہونے کا اعلان کرسکتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس خبر کی تصدیق نہیں کی گئی اور بیان میں کہا گیا ہے کہ اس قسم کی سرگرمی سے قبل باضابطہ اعلامیہ جاری کیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: جوبائیڈن کی کامیابی تسلیم نہیں کرتا، الیکشن فراڈ تھے: ٹرمپ

جوبائیڈن کی تقریب حلف برداری میں ٹرمپ کی شمولیت کے متعلق بھی شکوک وشبہات پائے جا رہے ہیں۔ ماضی میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ اگر الیکشن شفاف ہوئے تو وہ انتقال اقتدار کی تقریب میں ضرور شریک ہوں گے۔ لیکن امریکی صدر حالیہ انتخابات کو شفاف تسلیم نہیں کرتے۔

ڈونلڈ ٹرمپ اگر نومنتخب صدر کی تقریب حلف برادری میں شریک نہ ہوئے تو یہ امریکہ کی تاریخ کا پہلا ایسا واقعہ ہوگا۔

سیاسی مبصرین کا کہنا ہے کہ اگر ٹرمپ آئندہ صدارتی انتخابات میں حصہ لینے کا اعلان کیا تو وہ چار سال تک بائیڈن کے سخت ناقد ثابت ہوں گے۔

خیال رہے کہ امریکہ کے انتخابات2020 میں جو بائیڈن کو306 اور ڈونلڈ ٹرمپ کو232 الیکٹورل ووٹ ملے ہیں۔ ٹرمپ نے متعدد ریاستوں میں انتخابی نتائج کو چیلنج بھی کیا تھا لیکن اس سے بائیڈن کی جیت برقرار رہی۔

رپبلکن پارٹی کے امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ الیکشن میں ملی بھگت سے دھاندلی کی گئی ہے۔ انہوں نے ریاست مشی گن، ریاست وسکونسن اور پنسلوانیا میں ووٹوں کی گنتی روکنے کے لیے درخواست بھی دائر کی تھی جس کو رد کر دیا گیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ واضح طور پر کہہ چکے ہیں کہ وہ جوبائیڈن کی صدارتی انتخابات میں کامیابی کو تسلیم نہیں کریں گے  اور نہ ہی ووٹنگ کے عمل میں فراڈ کے حوالے سے اپنے نظریے سے دستبردار ہوں گے۔


متعلقہ خبریں