ٹیکسٹائل میں بہتری کیلئے حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑے، شہباز گل


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے کہا ہے کہ ٹیکسٹائل میں بہتری کے لیے حکومت کو مشکل فیصلے کرنے پڑے۔

وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ روزگار ملے گا تو معیشت چلے گی اور فیصل آباد میں صنعتوں کا پہیہ چل پڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں فیصل آباد پر توجہ نہیں دی گئی جبکہ 100 سے ڈیڑھ سو ریفنڈ صنعتوں کو نہیں ملا۔ پاکستان کی معاشی ترقی میں سیالکوٹ کا بھی اہم کردار ہے۔ حکومت نے برآمدات میں اضافے کے لیے خصوصی پیکج دیے۔

شہباز گل نے کہا کہ وزیر اعظم نے صنعتوں کو بحال کرنے کے لیے ریفنڈ دیا اور ماضی میں مہنگے معاہدوں کی وجہ سے صنعتوں کو مہنگی بجلی دی جا رہی ہے۔  فیصل آباد صنعتوں میں 2 لاکھ مزدوروں کی کمی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی آبادی کا بڑاحصہ نوجوانوں پر مشتمل ہے اور ہمیں نوجوانوں کو مواقعے فراہم کرنے ہیں۔ حکومت معاشی ترقی میں تاجر برادری کے کردار کی معترف ہے اور خصوصی اقدامات سے ٹیکسٹائل کا شعبہ مکمل بحال ہو چکا ہے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے کہا کہ ذرمبادلہ کے ذخائر 20 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں اور پاکستان کی اسٹاک ایکسچینج تیزی میں دوسرے نمبر پر اور ایشیا میں پہلے نمبر پر ہے۔ ماضی میں موبائل فونز کی اسمگلنگ ہوا کرتی تھی اور اب موبائل فون کی اسمگلنگ کی روک تھام سے 32 ارب روپے کا فائدہ ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب موبائل فون پاکستان میں بنیں گے جبکہ ملکی تاریخ میں پہلی بار ایکسپورٹرز کو تاریخی ٹیکس ریفنڈ کیا گیا ہے اور ایکسپورٹ میں سیالکوٹ کا بڑا حصہ ہے۔

شہباز گل نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے پاکستان کی ایکسپورٹ میں کمی کی اور موجودہ حکومت کو ٹیکسٹائل کو اوپر اٹھانے کے لیے مشکل فیصلے کرنے پڑے۔


متعلقہ خبریں