اسلام آباد: باہمی میل جول کورونا کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ قرار


اسلام آباد: وفاقی دارالحکوت اسلام آباد میں عزیزو اقارب کی ایک دوسرے سے ملاقاتیں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی سب سے بڑی وجہ قرار دے دی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) اسلام آباد کی جانب سے جاری ریسرچ سٹڈی رپورٹ کے مطابق تعلیمی ادارے، دفاتر اور سیاحتی مقامات بھی کورونا کے پھیلاؤ کا سبب بنے ہیں

ڈی ایچ اوآفس کی جانب سے تیارکی گئی رپورٹ میں میں گزشتہ 101 روز کی تفصیلات شامل ہیں جس میں 4 ہزار 965 کیسز تحقیق کا حصہ تھے۔

رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں ایک ہزار 720 کورونا کیسز عزیز و اقارب کی آپس میں ملاقاتوں سے، 792 تعلیمی اداروں، 694 سیرو سیاحت کے مقامات، 631 دفاتر اور 532 کیسز اسپتالوں سے پھیلے۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اسلام آباد کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کی مارکیٹیں صرف 2 کورونا کیسز کے پھیلاؤ کی وجہ بنیں۔

جاری رپورٹ کے مطابق اسلام آباد میں 26 اگست سے 4 دسمبر تک 16 ہزار 430 کیس رپورٹ ہوئے۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس سے پاکستان میں مزید 60 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور یہ مرنے والوں کی کل تعداد 8 ہزار 547 ہو گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا کے مثبت کیسز کی شرح 8.16 فیصد ہوگئی

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کے مطابق کورونا کے مزید 2 ہزار 963 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 4 لاکھ 26 ہزار 142 تک پہنچ چکی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 72 ہزار 271 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں اور 45 ہزار 324 زیر علاج ہیں۔

این سی او سی کے مطابق کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 242 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ہزار 81، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 429، اسلام آباد میں 345، گلگت بلتستان میں 98، بلوچستان میں 170 اور آزاد کشمیر میں 182 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 33 ہزار 420، خیبر پختونخوا میں 50 ہزار 506، سندھ میں ایک لاکھ 87 ہزار 684، پنجاب میں ایک لاکھ 24 ہزار 804، بلوچستان میں 17 ہزار 540، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 427 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 761 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.9 فیصد ہو گئی۔ کراچی کورونا مثبت کیسز کی شرح 17.39 فیصد ہے۔

این سی او سی کے مطابق حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 18.43 فیصد ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں 10.83 فیصد، بلوچستان میں 11.62، گلگت بلتستان میں 2.68، اسلام آباد 6.16، خیبر پختونخوا 11.29 اور  سندھ میں 11.47  فیصد تک ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 4.42 ہے۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 5.47، راولپنڈی میں 11.26 فیصد ہوگئی۔ پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 16.2، کوئٹہ میں 6.19 اور میرپور میں کیسز کی شرح 22 فیصد تک آگئی۔


متعلقہ خبریں