بارشوں کا سلسلہ آئندہ 3 روز تک جاری رہے گا، محکمہ موسمیات


اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ملک بھر میں جاری بارشوں کا سلسلہ آئندہ تین روز تک جاری رہے گا۔

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں جمعرات سے ہفتہ تک مزید بارشوں اور برفباری کی پیشگوئی کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعرات اور جمعہ کے دوران کوئٹہ، زیارت، سبی، تربت اور قلعہ سیف اللہ سمیت مختلف شہروں میں بادل برسیں گے۔ سکھر اور لاڑکانہ میں بھی بارش کا امکان ہے

محکمہ موسمیات کے مطابق جمعہ اور ہفتہ کو خیبرپختونخوا میں بارش ہوگی۔ اسلام آباد سمیت خطہ پوٹھوہار، لاہور، سرگودھا، سیالکوٹ، فیصل آباد اور ملتان میں بھی بارش متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق مری، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں: مری: موسم سرما کی پہلی برفباری شروع ہو گئی

دوسری جانب پنجاب کے مختلف علاقے شدید دھند کی لپیٹ میں ہیں جس کے باعث شہریوں کو آمدورفت میں مشکلات کا سامنا ہے اور بڑی شاہراہوں پر ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہے۔

ساہیوال اور گردونواح کے علاقے دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ حد نگاہ چند میٹر تک محدود ہے۔ شورکوٹ اور ڈجکوٹ میں بھی شدید دھند نے منظر دھندلا دیے ہیں۔

ٹبہ سلطان پور اور گرد و نواح کے علاقوں میں بھی شدید دھند کا راج ہے۔ ٹریفک پولیس نےشہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی ہدایت کی ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات ڈاکٹر خالد ملک نے کہا ہے کہ بارش کے بعد اسموگ میں کمی اور دھند میں اضافہ ہوگا۔ ہم نیوز کے ساتھ خصوصی بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا بارشوں کے حالیہ اسپل کے بعد سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگا۔


متعلقہ خبریں