برطانیہ : کورونا ویکسین کے سائیڈ ایفیکٹ سامنے آنے لگے


برطانیہ میں عالمی وبا کورونا وائرس کی ویکسین کے سائیڈ افیکٹ سامنے آنا شروع ہو گئے ہیں۔

برطانوی ادارہ صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے این ایچ ایس کے عملے کے دو ارکان میں الرجی کی شکایات سامنے آئی ہیں جن افراد کو الرجی رہ چکی ہے وہ ویکسین نہ لگوائیں۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل برطانیہ میں فائزر ویکسین کا استعمال شروع کیا گیا ہے جہاں سب سے پہلے عمر رسیدہ افراد اور طبی شعبے سے وابستہ ملازمین کو ویکسین دی گئی۔

برطانیہ دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے فائزر ویکسین کا استعمال شروع کیا۔ ویکسین پرعوام الناس کا اعتماد قائم کرنے کی خاطر ملکہ برطانیہ اوران کے خاوند شہزادہ فلپ نے بھی ویکسین لگوانے کا اعلان کر رکھا ہے۔

برطانوی اخبار میل آن سنڈے کی رپورٹ کے مطابق برطانیہ کے معمر شاہی جوڑے کو قوی امید ہے کہ انہیں کورونا سے  بچاؤ کی ویکسین استعمال کرتے دیکھ کر دیگر لوگ بھی اس کے استعمال میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کورونا ویکسین منظور، برطانوی حکومت نے استعمال کی اجازت دے دی

سابق امریکی صدور بارک اوبامہ، جارج ڈبلیو بش اور بل کلنٹن کی جانب سے بھی اعلانات سامنے آچکے ہیں کہ وہ عوام الناس کا کورونا ویکسین پر اعتماد قائم کرنے کے لیے کیمروں کے سامنے ویکسین کا استعمال کریں گے۔


متعلقہ خبریں