روڈ انفراسٹرکچر، جدید اسپتالوں کے قیام کے منصوبوں سے ترقی آئے گی، فردوس عاشق

فائل فوٹو


لاہور: وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ روڈ انفراسٹرکچر، جدید اسپتالوں کے قیام کے منصوبوں سے ترقی آئے گی۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیئر کیے گئے پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ صاف پانی اور نکاسی آب  کے منصوبوں سے عوام کا معیار زندگی بہتر ہوگا۔

فردوس عاشق اعوان نے تحریر کیا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سیالکوٹ آمد اور تاریخی پیکج دینے پر مشکور ہوں، دیہی حلقہ کُوبے چَک میں اراضی ریکارڈ سینٹر کا قیام عوام کے مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کی جانب اہم قدم ثابت ہوگا۔

انہوں نے لکھا کہ سیالکوٹ کی ترقی کے سفر میں اقبال ؒ کے شاہین اپنے کپتان کے شانہ بشانہ شہرِ اقبال ؒ کی حقیقی ترقی کو یقینی بنائیں گے۔

گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے دورہ سیالکوٹ کے دوران شہر کے لیے 17ارب روپے کا پیکج دیا تھا،

وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اس شہر کو پانی پارکس اورسیوریج کے منصوبوں کی ضرورت ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سیالکوٹ کے تاجروں کی مدد کرے گی، سیالکوٹ کے صنعت کاروں نے اس شہر کو ایکسپورٹ کا حب بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ سیالکوٹ شہر کیلئے جامع منصوبہ مسائل کے حل میں کلیدی کردار ادا کریگا، شہروں کا سیوریج سسٹم بہتر بنانے کی ضرورت ہے،ماسٹر پلان بننے سے شہروں میں صحیح معنوں میں تبدیلی آئے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ صوبے میں عوامی فلاح کیلئے اقدامات پر وزیراعلیٰ پنجاب کو مبارکباد دیتا ہوں،عثمان بزدار بڑے شہروں میں ترقیاتی منصوبے لا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں