وزیراعلیٰ پنجاب نے رانا ثناء اللہ کے بیان پر معذرت کر لی


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف  نے پنجاب کے وزیرقانون رانا ثناء اللہ کے بیان پر قوم سے معذرت کر لی ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ نیب کا سورج پنجاب  پر پوری آب و تاب سے چمک رہا ہے اور عدالت ہر چیز کا باریکی سے نوٹس لے رہی ہے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے لاہور میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے 20 لاکھ افراد کو 40 ارب روپے کے بلا سود قرضے فراہم کیے۔

انہوں نے کہا کہ عوام نے قرضے واپس کردیے لیکن اشرافیہ نے قرضے معاف کرا لیے۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اربوں کے قرضے معاف کرانے سے بڑھ کر کوئی جرم نہیں۔

انہوں نے کہا کہ اگر میرے خلاف کوئی کرپشن ثابت ہوجائے تو آپ کا ہاتھ اور میرا گریبان ہوگا۔

شہباز شریف نے کہا کہ اورنج لائن چین کا منصوبہ ہے جس کی سب سے کم بولی 210 ارب ڈالر لگی تھی۔

ہم نے قیمت کم کرانے کے لیے سات ماہ انتظار کیا جس کے بعد چینی حکومت 165 ارب ڈالر پر راضی ہوئی تھی۔

رانا ثناء اللہ کے بیان  پر معذرت کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عمران خان کو اپنے گیارہ نکات پر خیبرپختونخوا میں عمل درآمد کرانا چاہیے تھا۔

انہوں نے کہا کہ بے بنیاد الزامات پاکستان کے مفاد میں نہیں کیونکہ ملک کو سب نے مل کرخوشحالی کی جانب لے جانا ہے۔


متعلقہ خبریں