جس سے ریلوے نہیں چلی اسے وزارتِ داخلہ سونپ دی گئی، شاہد خاقان عباسی


اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ جس سے ریلوے نہیں چلی اسے وزارتِ داخلہ سونپ دی گئی۔

وفاقی کابینہ میں وزرا کے قلمدان تبدیل ہونے سے متعلق اپنے بیان میں سابق وزیراعظم نے کہا کہ قلمدان بدلنے سے کام نہیں چلے گا، ہر حکومتی وزیر اپنے کام کے علاوہ تمام کام جانتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں ایسی حکومت ہے جسے بات کی سمجھ نہیں آتی، انہیں بات سمجھ آجائے تو عمل کرنا نہیں آتا۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو دو سال بعد احساس ہوا ایل این جی کے بغیر ملک نہیں چلے گا، تاخیر سے نو شپس خریدنے پر پاکستان کو پندرہ ارب روپے کا نقصان ہوا۔

وفاقی کابینہ میں اکھاڑ پچھاڑ: شیخ رشید کو وزیر داخلہ بنا دیا گیا

خیال رہے کہ  وفاقی حکومت نے آج کابینہ میں تبدیلیاں کی ہیں اور کئی وزرا کی وزارتیں آپس میں تبدیل کی گئی ہیں۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری کیے گئے بیان کے مطابق شیخ رشید کو وزارت داخلہ کا قلمدان سونپا گیا ہے جب کہ ریلوے کی وزارت اعظم سواتی کو دی گئی ہے۔

وفاقی وزیر اعجاز شاہ اب انسداد منشیات کی وزارت کو دیکھیں گے۔

مشیر خزانہ عبدالحفیظ شیخ نے بطور وفاقی وزیر حلف اٹھایا۔ ایوان صدر میں منعقد تقریب کے دوران صدر مملکت عارف علوی نے ان سے حلف لیا۔

 


متعلقہ خبریں