محکمہ ایکسائز پنجاب نے 2 لاکھ سے زائد گاڑیوں کا آن لائن ڈیٹا ہٹا دیا

محکمہ ایکسائز پنجاب نے 2 لاکھ سے زائد گاڑیوں کا آن لائن ڈیٹا ہٹا دیا

لاہور: محکمہ ایکسائز پنجاب نے صوبے بھر کی رجسٹرڈ 2 لاکھ سے زائد گاڑیوں کا آن لائن ڈیٹا ہٹا دیا ہے۔

محکمہ ایکسائز پنجاب کی جانب سے لاہور، قصور، فیصل آباد، ملتان، اوکاڑہ، رحیم یارخان سمیت دیگر شہروں کی گاڑیوں کا ڈیٹا ہٹادیا ہے۔ گاڑی مالکان کو آن لائن ڈیٹا ہٹانے کے باعث سخت پریشانی کا سامنا ہے۔

ڈیٹاآن لائن نہ ہونے سے پولیس ناکوں پر چیکنگ کے دوران شہریوں کو پریشانی کا سامنا ہے۔

مزید پڑھیں: سندھ: گاڑیوں کی رجسٹریشن کیلئے سیکیورٹی فیچر والے اسمارٹ کارڈ کا اجراء

پنجاب بھر میں رجسٹرڈ ہونے والی تمام گاڑیوں کا ڈیٹا آن لائن رکھا جاتا ہے۔ محکمہ ایکسائز میں رجسٹرڈ گاڑیوں کا ڈیٹا آن لائن ہونے سے  گاڑی مالکان کو سہولت تھی۔

ڈائریکٹرایکسائز پنجاب کا کہنا ہے کہ کچھ گاڑیوں کی رجسٹریشن کی تصدیق کی وجہ سےعارضی طور پر ڈیٹا ہٹایا گیا ہے۔ ویری فکیشن مکمل ہونے کے بعد دوبارہ آن لائن ڈیٹا مہیا کردیا جائے گا۔

خیال رہے کہ لاہور میں چوری شدہ گاڑیوں کا کھوج لگانے اور مشکوک گاڑیوں پر نظر رکھنے کے لیے گزشتہ سال نیا سافٹ ویئر متعارف کرایا گیا تھا۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی نے مشکوک گاڑیوں کو مانیٹر کرنے کے لیے نیا سافٹ ویئر متعارف کرایا تھا۔ سافٹ ویئر تیار کرنے میں پنجاب انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی بورڈ کی معاونت بھی لی گئی تھی۔

سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق سافٹ ویئر میں تمام چوری شدہ گاڑیوں کے ڈیٹا کا اندراج کیا جاتا ہے جبکہ کسی بھی چوری شدہ گاڑی کے کیمرے میں آتے ہی سافٹ ویئر نوٹیفکیشن کردیتا ہے اور نوٹیفکیشن موصول ہوتے ہی مقامی پولیس کو اطلاع مل جاتی ہے۔


متعلقہ خبریں