بلاول  نے حکومت مخالف لانگ مارچ کا اعلان کردیا

بلاول  نے حکومت مخالف لانگ مارچ کا اعلان کردیا

فوٹو: ہم نیوز


لاہور: چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے جنوری میں حکومت مخالف لانگ مارچ کا اعلان کردیا۔

لاہور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی نےکہا کہ لانگ مارچ شروع ہوتے ہی حکومت بھاگ نکلے گی۔

انہوں نے کہا کہ  جب لاہور جاگتا ہے تو سب کو معلوم ہے کیسا لانگ مارچ ہوتا ہے۔ ملک کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کر رہے ہیں۔ کل سے پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ  تحریک کا نیا مرحلہ شروع ہوگا۔ سلیکٹڈ حکومت کو اب گھر جانا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے کارکنوں نے جمہوریت کی بحالی کے لیے کردار ادا کیا۔ جمہوریت کے لیے لاہور کے کارکنوں نے اپنا خون دیا۔ طاقت کا سرچشمہ عوام ہوتا ہے۔ حکومت کے گھر جانےتک جدوجہد جاری رکھیں گے۔

مزید پڑھیں: پی ڈی ایم کے لاہور جلسے پر حملہ ہوسکتا ہے، نیکٹا کا تھریٹ الرٹ جاری

بلاول بھٹو نے کہا کہ پی ڈی ایم پلیٹ فارم سے ہم سخت مخالفین سے ملکر جمہوری جدوجہد کررہے ہیں۔ کل ہم نےفیصلہ کن جلسہ کرنا ہوگا۔ کل مینار پاکستان میں پی ڈی ایم کا جلسہ تاریخی جلسہ ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ کارکن جانتے ہیں آمریت کا مقابلہ کیسے کیا جاتا ہے۔ کل سے ہمارا دوسرا فیز شروع ہوگا۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم کی جانب سے مینارِ پاکستان پر کل کے جلسے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ نواز نے جلسے کے شرکا کے لیے ایک لاکھ کرسیاں لگانے کا اعلان کیا ہے۔

پی ڈی ایم کارکنوں کی جانب سے اسٹیج بھی سجایا جارہا ہے۔ گریٹراقبال پارک کو برقی قمقموں سے روشن کردیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں