جلسے پر قانون کے تحت کارروائی کریں گے، وزیراعلیٰ پنجاب

فائل فوٹو


لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم کے جلسے پر قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

پی ڈی ایم کے جلسے پر رد عمل دیتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کرپشن کے مینار کھڑے کرنے والےکس منہ سے جلسہ کریں گے۔ مینار پاکستان کے تلے پاکستان کو لوٹنے والوں کا اکٹھ ناکامی سے دو چار ہو گا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن جان لےکہ عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں۔ اپوزیشن کا کوئی ویژن ہے نہ انہیں عوام کا خیال ہے۔ پی ڈی ایم کو کرپشن بچاؤ اور کورونا پھیلاؤ ایجنڈے کے طور پر یاد رکھا جائے گا۔

عثمان بزدار کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کی منفی سیاست کو عوام جان گئے ہیں، ان کا ہر جلسہ ناکام ہو رہا ہے۔ ناکامی پی ڈی ایم کا مقدر تھی ہے اور رہے گی۔ اپوزیشن کو ہر محاذ پر شکست کا سامنا ہے۔

انہوں نے قانون شکنی پر مقدمات درج کرنے کا حکم بھی دیا ہے۔  ان کا کہنا ہےکہ سب کو قانون کی پاسداری کرنا ہوگی۔ اگر کوئی نہیں کرے گا تو اس کیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

وزیرقانون راجہ بشارت کا کہنا ہے اپوزیشن تصادم چاہتی ہے، مگر انہیں موقع فراہم نہیں کریں گے۔

وفاقی حکومت نے بھی ریاست کے خلاف بغاوت اور بغاوت پر اکسانے والوں کے خلاف فوری کارروائی کا اختیار سیکریٹری داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے ضابطہ فوجداری کے سیکشن 196 میں ترامیم کی منظوری دی ہے، جس کے تحت بغاوت کے مقدمات قائم کرنے کا اختیار سیکریٹری داخلہ اور صوبائی حکومتوں کو دیا جائے گا۔

سیکشن 153 اے سمیت پانچ سیکشن کے تحت مقدمہ سیکریٹری داخلہ کی منظوری سے ہوگا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ  صوبائی حکومتیں بھی ریاست کے خلاف بغاوت کرنے اور اکسانے والوں کے خلاف مقدمات درج کرسکیں گی۔


متعلقہ خبریں