پی ڈی ایم کا مقصد عمران خان گھر جائیں، خواجہ سعد رفیق


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پاکستان ڈیمو کریٹک (پی ڈی ایم) کا مقصد ہے عمران خان گھر جائیں۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے اقبال پارک میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں کبھی اندر کی بات نہیں بتاوں گا تاہم پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان جلسے میں اہم اعلانات کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا مقصد ہے کہ عمران خان گھر جائیں اور ہم چاہتے ہیں کہ پاکستان آئین کے مطابق چلے۔ عمران خان ووٹ چوری کر کے اقتدار میں آئے ہیں۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سب کی مشاورت سے جلسے میں اہم اعلانات کریں گے۔ یکطرفہ انتخابات کو کوئی نہیں مانتا اور جب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نےا ستعفے دیے تھے تو ان کی تعداد 32 تھی۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما میاں افتخار نے کہا کہ ہم اپنی حکمت عملی ترتیب دے چکے ہیں اور یہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے اس کا خاتمہ ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب بھی ہم نے حکومت سے تعاون کی بات کی انہوں نے کہا یہ این آر او مانگ رہے ہیں۔ اب ہم مذاکرات نہیں کریں گے بلکہ اب ان کو حکومت چھوڑنی ہو گی۔

میاں افتخار نے کہا کہ حکومت ڈری ہوئی ہے۔ جلسہ ہو گا اور کامیاب جلسہ ہو گا۔

یہ بھی پڑھیں: اپوزیشن 50 ہزار کرسیاں بھر دے، سیاست چھوڑ دوں گا، فیاض الحسن چوہان

دوسری جانب پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ آج مینار پاکستان پر این آر او ڈھونڈا جائے گا اور 11 جماعتوں پر مبنی کرپٹ ٹولہ مسلسل ناکامی کا شکار ہے جبکہ یہ اپنے جلسوں سے خود بے نقاب ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ لوگوں کی زندگیوں اور ابھرتی ہوئی معیشت کو خطرے میں ڈال رہے ہیں اور یہ اپنی چوری بچانے کے لیے ساری حدیں پار کر چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں