عمران خان کی حکومت آنے سے پاکستان کی ترقی کورنٹین ہو گئی، مریم نواز



لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ جب سے عمران خان کی حکومت آئی ہے پاکستان کی ترقی کورنٹین ہو گئی ہے۔

مینار پاکستان لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈیم اے) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کو تنخواہ دار طبقہ، نوجوان، ملک کی غریب عوام اچھی طرح جان گئی ہے۔ انہوں نے صرف جھوٹے وعدے کئے ہیں۔

مریم نواز نے کہا کہ کوویڈ 19 سے زیادہ خطرناک کوویڈ 18 تابعدارخان ہیں، تابعدارخان آپ کواپوزیشن اچھی طرح جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج آپ کو بچہ بچہ جان گیا ہے جو دودھ کے لیے بلک رہا ہے، آپ کو مریض بھی جانتے ہیں جن کودوائی نہیں ملتی، سرکاری ملازمین بھی آپ کو جان گئے کہ جن کی تنخواہوں میں آپ نے ایک روپیہ اضافہ نہیں کیا۔

پی ڈی ایم بڑے فیصلے کرنے جارہی ہے،8 دسمبر کو آر یا پار ہوگا: مریم نواز

انہوں نے کہا کہ نوازشریف عوام کی روزی روٹی چوری کرنے والے کو این آراو نہیں دے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف نے پی ٹی آئی کے دھرنوں کے باوجود عوام کی ترقی میں جتا رہا، اس نے لوڈشیڈنگ،اور ملک میں دہشتگردی ختم کی۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہوریوں نے آج مجھے خوش کردیا،آپ کے جذبے کو سلام، یہ کون کہتا تھا کہ مینارپاکستان کو بھر کے دکھائیں، آج دیکھ لیں، مینار پاکستان کے ساتھ آس پاس کی سڑکیں بھی بھر چکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کون کہتا تھا کہ اجازت نہیں دوں گا؟ آپ کی اجازت کی ضرورت ہی نہیں، کون کہتا تھا کہ کرسیاں نہیں ملیں گی، مقدمےدرج کروں گا،آپ کی کرسیوں کی ضرورت ہی نہیں ہمیں۔

نائب صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ ووٹ چور حکومت کو کبھی غریب عوام کی فکر نہیں ہوتی اسے صرف اپنی نوکری کی فکر ہوتی ہے۔

مریم نواز نے لوگوں کو مخاطب کرتے ہوئے پوچھا کہ اگر اسلام آباد لانگ مارچ کے لیے نکلنا پڑا اور وہاں ٹھہرنا پڑا تو کیا وہ نکلیں گے؟


متعلقہ خبریں