ڈائیلاگ کا وقت گزر چکا اب لانگ مارچ ہو گا، بلاول بھٹو


لاہور: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ڈائیلاگ کا وقت گزر چکا ہے اب لانگ مارچ ہو گا۔

مینار پاکستان لاہور میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈیم اے) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم اسلام آباد پہنچ رہے ہیں، رابطہ کرنا بند کریں، ہم سب ایک ہو کر اسلام آباد پہنچ کر آپ کی حکومت کو بھگائیں گے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارے تاجر، طالب علم سمیت سب پریشان ہیں کہ ہمارا حال ایسا ہے تو مستقبل کیسا ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ آج ملک میں تاریخی مہنگائی ہے، دکان کا شٹر بند ہے صنعت پر تالا لگا ہوا اور ٹرانسپورٹر بھی پریشانی میں مبتلا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ حکومت عوام کے ووٹوں سے اقتدار میں نہیں آئی، پنجاب کے ساتھ کیسا مذاق کیا جا رہا ہے، یہ پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے، نالائق، نااہل وزیراعظم نے ایک کٹھ پتلی کو وزیراعلی بنا دیا۔

عمران خان کی حکومت آنے سے پاکستان کی ترقی کورنٹین ہو گئی، مریم نواز

چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ جعلی حکمرانوں کو نہ پاکستان کی فکر ہے، نہ پنجاب کی فکر ہے اور نہ عوام کی فکر ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ ان حکمرانوں میں سچ سننے کی ہمت نہیں ہے، انہوں نے قائدحزب اختلاف شہباز شریف اور سابق قائد حزب اختلاف خورشید شاہ کو جیلوں میں ڈالا ہوا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے مطالبہ کیا کہ شہباز شریف اور خورشید شاہ کو فوری رہا کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ طلبا، ڈاکٹرز، کسان جب بھی احتجاج کرتے ہیں تو ان پر لاٹھیاں برسائی جاتی ہیں اور ظلم کیا جاتا ہے مگر یہ ظلم کی رات ختم ہونے والی ہے۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ یہ جنگ اقتدار کی نہیں بلکہ غریب کو روٹی کپڑا مکان دلانے کی جنگ ہے۔


متعلقہ خبریں