کراچی:سڑک پر کچرا پھینکنے والا شہری گرفتار


کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں سڑک پر کچرا پھینکنے والے شہری کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق کراچی  میں کچرا پھینکنے پر دفعہ 144 کا نفاذ گزشتہ کئی روز سے ہے۔ کچرا پھینکنے والے رکشہ ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

ہم نیوز کو موصول ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک ڈرائیور اپنے رکشے سے ناریل کے درخت کی خشک چھڑیاں اتار کر سڑک کے کنارے پھینک رہا ہے۔

کرم علی نامی رکشہ ڈرائیور نے پولیس کو بتایا کہ اس کو سیٹھ نے بولا کچرا لے جاکر کچرا کونڈی میں پھینکو۔ پولیس اہلکار نے رکشہ ڈرائیور کو بتایا کہ شہر میں دفعہ144 نافذ ہے اور اسے خلاف ورزی کرنے پر گرفتار کیا جا رہا ہے۔

رکشہ ڈرائیور نے کہا اگر آپ کہیں تو میں کچرا واپس اٹھا لیتا ہوں۔ نارتھ ناظم آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر ظیہراحمد نے موقع پر کارروائی کرتے ہوئے رکشہ ڈرائیور کو متعلقہ تھانے منتقل کردیا ہے۔

خیال رہے کہ کراچی سے کچرے کی صفائی کےلیے شہر میں دو ماہ کےلیے دفعہ 144 نافذ ہے اور یہ اپنی نوعیت کی پہلی گرفتاری ہے۔ 

کراچی میں دو ماہ کیلئے غیرمتعلقہ جگہ پرکچرا پھینکنے پر پابندی عائد  ہے۔ کمشنر کراچی افتخار شلوانی نے نومبر2020 میں نوٹیفکیشن جاری کیا تھا۔

کمشنر کراچی نے ہدایت کی ہے کہ جو بھی شہری غیر متعلقہ جگہ پرکچرا پھینکے گا اس کے خلاف کارروائی کریں اور دفعہ 144 کی شق 188 کے تحت گرفتارکیا جائے۔


متعلقہ خبریں