بلاول کل شہباز شریف سے ملنے کوٹ لکھپت جیل جائیں گے


لاہور: چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کل قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف سے ملنے کوٹ لکھیت جیل جائیں گے۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کل 2 سے 5 بجے کے درمیان کوٹ لکھپت جیل میں ہوگی. کل ہونے والے ملاقات میں بھٹو زرداری شہباز شریف سے ان کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس بھی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات کے حوالے سے پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے سپرٹنڈنٹ جیل کوٹ لکھپت کو خط لکھ دیا تھا۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے بلاول بھٹو کو شہباز شریف سے ملاقات کی اجازت دے دی ہے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں اہم سیاسی امور پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔

مزید پڑھیں: شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اشتہاری قرار

ذرائع کے مطابق  پارٹی رہنما شیری رحمن،راجہ پرویز اشرف اور قمر زماں کائرہ بھی  بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ  ہونگے۔

خیال رہے کہ بیگم شمیم اختر کے انتقال کے باعث پنجاب حکومت نے 27 نومبر کوشہباز شریف اور حمزہ شہباز کو کوٹ لکھپت جیل سے پانچ روز کیلئے پیرول پر رہا کردیا تھا۔ پنجاب حکومت نے دونوں کے پیرول کی مدت ایک دن کے لیے بڑھادی بھی تھی۔

3 دسمبر کو شہباز شریف اورحمزہ شہباز کو پیرول کی مدت ختم پر دوبارہ کوٹ لکھپت جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

پنجاب حکومت نے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو پاکستان پریزن رولز 1978 کے سیکشن 545 بی کے تحت پیرول پر رہائی کی اجازت دی تھی۔


متعلقہ خبریں