جے یو آئی نے سینیٹ الیکشن مارچ سے قبل کرانے کی مخالفت کر دی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام ف (جے یو آئی) نے سینیٹ الیکشن مارچ سے قبل کرانے کی مخالفت کر دی۔

اپنے بیان میں جے یو آئی کے رہنما عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ سینیٹ آئینی ادارہ ہے اس کے انتخابات مقررہ وقت سے قبل نہیں ہو سکتے۔

انہوں نے کہا کہ آئین کے مطابق سینیٹ کے نصف ممبران مارچ میں سبکدوش ہوجائیں گے، مارچ میں نئے ممبران کا انتخاب ہو گا اس کے بعد سینیٹ کے انتخابات ہوں گے۔

رہنما جے یو آئی نے کہا کہ حکومت کی بوکھلاہٹ کا اندازہ غیرقانونی اقدامات سے لگ رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قبل ازوقت انتخابات کرنے والوں کومنہ کی کھانی پڑے گی، سینیٹ کے انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہوں گے۔

سینیٹ انتخابات: حکومت کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ

واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے سینیٹ انتخابات مارچ کے بجائے فروری میں کرانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈ سے کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے کابینہ میں تجاویز پیش کر دیں، مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے بھی آئینی اور سیاسی پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ 

وفاقی حکومت سینیٹ انتخابات کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ سپریم کورٹ سے رائے لینے کے لیے ریفرنس دائر کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں