لاہور: پی ڈی ایم کے جلسے میں چوروں کی لوٹ مار



لاہور:پاکستان ڈیموکریکٹ موومنٹ کے13 دسمبر کو لاہور میں ہونے والے جلسے میں چوروں نے خوب لوٹ مار کی اور متعدد شہریوں کی موٹرسائیکلیں چوری ہوگئیں۔

جلسے کے دوران 8 موٹرسائیکل چوری ہوئیں جن کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ مقدمہ تھانہ لاری اڈہ میں متاثرہ شہری شاہد مغل کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

مقدمہ نمبر 723/20 اجتماعی طور پر 8 موٹرسائیکل چوری کا ہے۔ متاثرہ شہریوں میں شاہد مغل، محمد خرم، محمد زاہد، محمد آصف، قمر زمان، طارق عظیم، شاہد پرویز اور نبیل افضل شامل ہیں۔

ایف آئی آر کے مطابق تمام موٹرسائیکلیں مینار پاکستان کے گیٹ نمبر 5 کی پارکنگ سے چوری ہوئی ہیں۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزموں کی تلاش شروع کر دی ہے۔

خیال رہے کہ حکومت مخالف جماعتوں کے اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ نے 13 دسمبر کو لاہور کے اقبال پارک میں جلسہ کیا تھا۔ جلسے میں عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی تھی۔

انتظامیہ کے جانب سے اجازت نہ ملنے کے باوجود جلسہ کیا گیا اور گیٹ کے تالے بھی توڑے گئے۔ گیٹ کے تالے توڑ کر پارک میں داخل ہونے،کار سرکار میں مداخلت اور سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے کا مقدمہ بھی درج ہے۔

پارک کے گرد نصب کئی مقامات پر جنگلے، لائٹس اور دیگر سامان بھی غائب ہے۔ جلسے کے بعد گراونڈ میں جا بجا ٹوٹی کرسیاں، اسٹیمرز، پارٹی پرچم، بریانی کے ڈسپوزل ڈبوں سے گندگی میں اضافہ ہوا۔


متعلقہ خبریں