ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 8 فیصد تک پہنچ گئی، ڈاکٹر فیصل سلطان

کورونا ویکسی نیشن کا ہدف حاصل کر لیا ہے۔

فوٹو: فائل


اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ ملک میں کورونا مثبت کیسز کی شرح 7 سے 8 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔

کورونا سے متعلق اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹرفیصل سلطان نے کہا کہ کورونا کیسز میں اضافےسے اسپتالوں پر دباؤ بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اجلاس میں صوبائی وزرائے صحت سے کورونا ویکسین کے حوالےسے بات ہوئی۔

ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ ماسک پہنیں، ایک دوسرے سے فاصلہ رکھیں اور اجتماعات سے پرہیز کریں۔ شادی کی تقریبات منانے پر پابندی نہیں،صرف احتیاط کریں۔

انہوں نے کہا کہ شادی ہالز کے کمرے کھلے رکھیں اور ایس او پیز پر عمل کریں۔ کورونا پر قابو پانے کے لیے پوری قوم کے تعاون کی ضرورت ہے۔ کورونا ایس اوپیز پر سختی سے عملدرآمد کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: ایم ٹی آئی ایکٹ کا مقصد اسپتالوں کے گورننس کو بہتر کرنا ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں گزشتہ 5 ماہ کے دوران آج سب سے زیادہ اموات ریکارڈ ہوئیں۔ پاکستان میں آج مزید 105 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی کل تعداد 9 ہزار 10 تک پہنچ چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 2 ہزار 731 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 4 لاکھ 45 ہزار 977 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 88 ہزار 598 مریض صحتیاب ہو چکے اور 48 ہزار 369 زیر علاج ہیں۔

کورونا کے سبب سب سے زیادہ اموات پنجاب میں ہوئی ہیں جہاں 3 ہزار 452 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں جبکہ سندھ میں 3 ہزار 222، خیبر پختونخوا میں ایک ہزار 489، اسلام آباد میں 379، گلگت بلتستان میں 99، بلوچستان میں 176 اور آزاد کشمیر میں 193 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔

مزید پڑھیں: کورونا پابندیوں کی 8 سیکنڈ خلاف ورزی پر 5 لاکھ سے زائد جرمانہ

این سی او سی کے مطابق اسلام آباد میں کورونا کیسزکی تعداد 35 ہزار 203، خیبر پختونخوا میں 53 ہزار 253، سندھ میں ایک لاکھ 98 ہزار 482، پنجاب میں ایک لاکھ 28 ہزار 673، بلوچستان میں 17 ہزار 796، آزاد کشمیر میں 7 ہزار 771 اور گلگت بلتستان میں 4 ہزار 799 افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں۔

ملک بھر میں کورونا وائرس کے مثبت کیسز کی شرح 7.12 فیصد ہو گئی۔ کراچی کورونا مثبت کیسز کی شرح 19.89 فیصد ہے۔

این سی او سی کے مطابق حیدرآباد میں مثبت کیسز کی شرح 22.45 فیصد ہوگئی۔ آزاد کشمیر میں 9.4 فیصد، بلوچستان میں 14.2، گلگت بلتستان میں 0.5، اسلام آباد 4.3، خیبر پختونخوا 7.2 اور  سندھ میں 14.9  فیصد تک ہوگئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق پنجاب میں مثبت کیسز کی شرح 3.8 ہے۔ لاہور میں مثبت کیسز کی شرح 5.47، راولپنڈی میں 7.71 فیصد ہوگئی۔ پشاور میں مثبت کیسز کی شرح 19.04، کوئٹہ میں 5.06 اور میرپور میں کیسز کی شرح 22 فیصد تک آگئی۔


متعلقہ خبریں