نمائندہ ہم نیوز طارق ملک کورونا کے باعث انتقال کر گئے


اسلام آباد: ہم نیوز سے وابستہ رپورٹر اور سینئر صحافی طارق ملک کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے۔

نمائندہ ہم نیوز طارق محمود ملک کو ایک ماہ قبل کورونا ہوا تھا اور وہ گزشتہ کئی روز سے اسپتال میں زیرعلاج تھے۔

نفیس مزاج، ملنسار اور ہر دل عزیز انسان طارق محمود ملک ہمیشہ ہمیشہ کیلئے ہمیں چھوڑ کر چلے گئے۔ طارق محمود ملک دو ہزار اٹھارہ سے ہم نیوز سے وابستہ تھے۔

طارق محمود ملک نے کئی ٹی وی چینلز میں صحافتی خدمات سرانجام دیں، وہ دفاع اور امور خارجہ کی اہم بیٹس کور کیا کرتے تھے۔

مرحوم کے بیٹے کے مطابق طارق محمود ملک کا آخری کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا، تاہم پھیپھڑوں میں انفیکشن کے باعث گزشتہ شب انتقال کر گئے۔ مرحوم کا تعلق تلہ گنگ سے تھا۔

سینئر صحافی طارق محمود ملک کے انتقال پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ طارق محمود ملک ایک زیرک اور منجھے ہوئے صحافی تھے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے مزید 70 اموات

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت صحافتی تنظیموں اور حکومتی افراد نے طارق محمود ملک کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ اللہ رب العزت مرحوم کی مغفرت اور درجات بلند فرمائے اور ان کے اہل خانہ کو صبر کی توفیق دے۔


متعلقہ خبریں