اسلام آباد کی تمام چیک پوسٹوں کو ختم کیا جا رہا ہے، شیخ رشید


اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ اسلام آباد کی تمام چیک پوسٹوں کو ختم کیا جارہا ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سے درخواست کریں گے کہ اسلام آباد پولیس کی تنخواہ میں اضافہ کیا جائے اور ملک میں پولیس پر بہت کم خرچ کیا جا رہا ہے جو بہت کم ہے جبکہ اسلام آباد میں 20 فیصد جرائم میں کمی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈ کے ذریعے ہونے سے شفافیت ہو گی اور سینیٹ انتخابات شو آف ہینڈ کے ذریعے کرانے کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا اور اگر سینیٹ کے انتخابات شو آف ہینڈ کے ذریعے ہو گیا تو دھاندلی ختم ہو جائے گی۔ سپریم کورٹ نے سینیٹ کے شو آف ہینڈ انتخابات کی اجازت دے دی تو یہ بہت بڑا انقلاب ہو گا۔

وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ بڑے ہوٹلوں اور مرگلہ کے علاوہ تمام چیک پوسٹ ختم کریں گے اور اسلام آباد کے تھانوں میں شہریوں کو عزت ملے گی۔ ہمارے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ کی توہین نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں فرانزک لیب کے قیام سمیت متعدد منصوبے زیر غور ہیں اور بیرون ملک پاکستانی قیدیوں کے اعداد و شمار اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ کوشش ہے اسلام آباد پاکستان کا بہترین سیف سٹی ہو۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت میں پولیس کی غیر ضروری چیک پوسٹوں کو ختم کریں گے۔ امن و امان کے قیام میں پولیس صف اول کا دستہ ہے اور اسلام آباد پولیس کی استعداد کار میں اضافے کے لیے مزید اقدامات کریں گے۔


متعلقہ خبریں