کراچی: کیماڑی اور غربی کے مختلف علاقوں میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ


کراچی: بڑھتے ہوئے کورونا وائرس کیسز اور مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کے بعد کراچی کے ضلع کیماڑی اور غربی کے مختلف علاقوں میں 21 دسمبر تک  اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔

ضلع کیماڑی کے تین سب ڈویژنز بلدیہ، کیماڑی اور سائٹ میں مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے۔

ضلع غربی کے سب ڈویژنز منگھوپیر اور مومن آباد کے مخصوص محلوں میں بھی مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن  نافذ کردیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں لاک ڈاؤن کا نفاذ 21 دسمبر تک برقرار رہے گا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے  ضلع وسطی کے کچھ علاقوں میں مائیکرواسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ آج سندھ میں کورونا کے مزید ایک ہزار 374 کیسز رپورٹ ہوئے۔  سندھ میں کورونا سے مزید 33 اموات رپورٹ ہوئیں۔

مزید پڑھیں: پاکستان میں کورونا سے مزید 70 اموات

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی جانب سے جاری تازہ اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں کورونا کیسز کی تازہ تعداد 2 ہزارایک ہزار80 ہوگئی۔ کراچی سمیت سندھ میں کورونا کیسز 2لاکھ کا ہندسہ عبور کرگئے۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا سے اموات کی مجموعی تعداد 3 ہزار 270 ہوگئی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے مطابق صوبے میں کورونا کے 761 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ سندھ میں کورونا کے 73مریض وینٹی لیٹرز پر ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ  کے مطابق کراچی میں کورونا کے مزید ایک ہزار 93 کیسز رپورٹ ہوئے۔ کراچی میں کورونا کیسز کی تعداد ایک لاکھ 42 ہزار497 ہوگئی۔

خیال رہے کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید 70 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد اموات کی کل تعداد 9 ہزار 80 تک پہنچ چکی ہے۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 2 ہزار 545 نئے کیسز رپورٹ ہوئے اور مجموعی تعداد 4 لاکھ 48 ہزار 522 ہو گئی ہے۔

پاکستان میں کورونا کے 3 لاکھ 96 ہزار 591 مریض صحتیاب ہو چکے اور 42 ہزار 851 زیر علاج ہیں۔

 


متعلقہ خبریں