پہلا ٹی20: پاکستان کو5 وکٹوں سے شکست



نیوزی لینڈ نے پہلے ٹی20 میں پاکستان کو5 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان نیوزی لینڈ کو154 رنز کا ہدف دیا تھا۔

نیوزی لینڈ نے 154رنزکا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کیا۔ کیوی کپتان مچل سینٹرر نے آخری چھکا لگا کر ٹیم کو فتح دی۔

پاکستان کی جانب سے حارث رؤف نے 3اور شاہین آفریدی نے 2کھلاڑی آؤٹ کیے۔

پاکستانی ٹیم نے دورہ نیوزی لینڈ میں ناقص ترین آغاز کیا ہے۔ ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ غلط ثابت ہوا اوربیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔

عبداللہ شفیق اور محمد حفیظ بغیر کوئی اسکور بنائے پویلین لوٹے۔ محمد رضوان نے17 رنز اسکور کرنے کے بعد کیچ تھمایا۔

حیدرعلی بھی تین رنز پر ہمت ہار گئے، خوش دل شاہ سولہ رنز بنا سکے اور20 کے مجموعی اسکور پر چار پاکستانی پلیئر پویلین لوٹ گئے۔

قومی ٹیم نے15 اوورز میں6 وکٹوں کے نقصان پر99 رنز بنائے۔ شاداب خان42، عماد وسیم19، فہیم اشرف31، وہاب ریاض9، شاہین آفرید10 اور حارث راؤف صفر رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

نیوزی لینڈ پاکستان کے خلاف 3 میچوں پر مشتمل ٹی20 سیریز کا دوسرا میچ 20 دسمبر ہیملٹن، تیسرا اور آخری میچ 22 دسمبرکو نیپئر میں کھیلا جائے گا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ 26 سے 30 دسمبر تک ٹورنگا میں کھیلا جائے گا۔ دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 3 جنوری سے 7 جنوری تک کرائسٹ چرچ میں کھیلا جائے گا۔

کپتان بابراعظم انجری کے باعث سیریز کا حصہ نہیں ہیں۔ میچ کے لیے شاداب کی کپتانی میں قومی ٹیم کے 15رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔

سرفرازاحمد  اسکواڈ کا حصہ ہیں، محمد رضوان ، محمد حفیظ اور وہاب ریاض بھی ٹیم میں شامل ہیں۔ عبداللہ شفیق ، حیدر علی ، فہیم اشرف، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم اور خوشدل شاہ کو اسکواڈ کا حصہ بنایا گیا ہے۔

محمد حسنین ، شاہین آفریدی اور حسین طلعت بھی پندرہ رکنی اسکواڈ میں شامل ہیں ۔ موسی خان اور عثمان قادر اسکواڈ کا حصہ نہیں لیکن ٹیم کے ساتھ رہیں گے۔


متعلقہ خبریں