نواز شریف کو اللہ ہی واپس لا سکتا ہے، وزیر داخلہ شیخ رشید



اسلام آباد: وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف اور اسحاق ڈار کو اللہ ہی وطن واپس لا سکتا ہے، ہمارا برطانیہ کے ساتھ  ملزمان  کی حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں ہے۔

میڈیا سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ عمران خان سینیٹ میں اکثریت میں آگئے تو منی لانڈرنگ کے خلاف ایسے قانون لائیں گے کہ اپوزیشن کی چیخیں نکلیں گی۔

یہ بھی پڑھیں: جو تم کرو گے وہ ہم کریں گے، شیخ رشید کا اپوزیشن کو پیغام

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم)کو سینیٹ الیکشن میں حصہ لیتے دیکھ رہا ہوں، الیکشن کمیشن 12 فروری سے 12 مارچ کے درمیان سینیٹ انتخابات کا اعلان کرسکتا ہے۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ جب تک وزیر داخلہ رہوں گا کسی کانٹریکٹ  ملازم کو فارغ نہیں کروں گا۔

ان کا کہنا تھا کہ نادرا لوگوں کے مسائل کے حل پر توجہ دے،16 ہزارمیں 3 ہزار افراد کانٹریکٹ پر ہیں، ہمیں تنخواہوں سے نہیں  کام سے غرض ہے۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ نادرا بڑا حساس ادارہ ہے جس میں زبردست کام ہو رہا ہے،  تمام تحصیلوں میں شناختی کارڈز دفاتر کھولے جائیں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ پہلا شناختی کارڈ 40 کے بجائے 30 دن میں مفت جاری ہوگا، نادرا کے 50 نئے سینٹر کھولے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بطور وزیر داخلہ نواز شریف کو پیغام ہے بہت ہوگیا، شیخ رشید

انہوں نے کہا کہ بیرون ممالک پاکستانی سفارتخانوں میں پاسپورٹ کی مشینیں دیں گے، ملک بھر میں 6 لاکھ اسلحہ لائسنس جاری کریں گے۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ میں جھنڈے والا نہیں ڈنڈے والا وزیر ہوں۔


متعلقہ خبریں