طالبان وفد سے ملاقات: وزیر اعظم کا افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں پر اظہار تشویش


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں بڑھتی ہوئی پرتشدد کارروائیوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

جاری اعلامیے کے مطابق افغان طالبان کے سیاسی کمیشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے تمام فریقین سے افغانستان میں پرتشدد کارروائیوں میں کمی اور جنگ بندی پر زور دیا۔

جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ پورے خطے کی معاشی ترقی اور علاقائی یکجہتی کیلئے افغانستان میں امن و استحکام ضروری ہے۔

عمران خان نے کہا کہ افغانستان میں تنازعات کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔ انٹرا افغان مذاکرات پائیدار امن اور استحکام کے حصول کیلئے تاریخی موقع ہے۔ افغان امن عمل میں خلل ڈالنے کی کوششیں جاری ہیں۔

وزیراعظم عمران خان سے افغان طالبان کے سیاسی کمیشن کے  وفد کی ملاقات میں افغان امن عمل میں اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے افغانستان میں امن عمل خراب کرنے والوں کے کردار سے محتاط رہنے پر زور دیا۔

یہ بھی پڑھیں: جنرل قمر جاوید باجوہ سے افغانستان کے سفیر کی الوداعی ملاقات

خیال رہے کہ گزشتہ روز ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں افغان طالبان کے وفد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی جس میں افغان امن عمل میں حالیہ پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا گیا تھا۔

ہم نیوز کے مطابق ملاقات میں بین الاافغان مذاکرات کےجلد انعقاد سمیت باہمی دلچسپی کےامور پر بھی بات چیت کی گئی تھی۔ افغان طالبان کے وفد نے وزیرخارجہ کو طالبان اور امریکہ معاہدے پر تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا تھا۔

ملاقات میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ ہمارا شروع سے یہی موقف ہے کہ افغان مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے ممکن ہے۔

واضع رہے کہ افغان طالبان کا اعلیٰ سطحی وفد پاکستان کے دورے پر ہے۔  افغان طالبان کے وفد کو دورے کی دعوت وزارت خارجہ نے دی ہے۔ افغان طالبان کا وفد قطر کے دارالحکومت دوحہ سے گزشتہ روز  اسلام آباد پہنچا تھا۔


متعلقہ خبریں