پی آئی اے کا گلگت بلتستان کیلئے بھی کرایے میں کمی کا اعلان

پی آئی اے کا خصوصی طیارہ برطانیہ میں پھنسے پاکستانیوں کو لے کر پاکستان پہنچ گیا

اسلام آباد: قومی ایئر لائن (پی آئی اے) نے گلگت بلتستان کے لیے بھی کرایوں میں خصوصی کمی کا اعلان کردیا۔

ترجمان پی آئی اے  کے مطابق اسلام آباد تا سکردو اور اسلام اباد تا گلگت خصوصی کم سے کم کرایہ 6،915 روپے مقرر کردیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق ملک کے دیگر علاقوں کے لیے خصوصی رعایت متعارف کرانے کے بعد گلگت بلتستان  کے عوام کا کرایوں میں خصوصی کمی کا دیرینہ مطالبہ پورا کردیا گیا ہے۔

ترجمان پی آئی کے مطابق خصوصی کرایے سے امید کرتے ہیں کی گلگت بلتستان جانے والے مہمانوں کو خوشی مہیا ہوگی۔ ملک بھر کے افراد بھی سرد سیاحت اور صاف موسم میں دنیا کی بلند ترین چوٹیوں کا نظارہ کرسکیں گے۔

مزید پڑھیں: خراب موسم: پی آئی اے کا شیڈول متاثر، متعدد پروازیں تاخیر کا شکار

ترجمان  کے مطابق چیف ایگزکٹیو آفیسر پی آئی اے ایئر مارشل ارشد ملک نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ پروازوں پر مسافروں کو بہترین خدمات فراہم کریں۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں قومی ایئر لائن  نے موسم سرما کی چھٹیوں کے دورون اندرون ملک پروازوں پر کرایوں میں بڑی کمی کا اعلان کردیا تھا۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق تمام اندرون ملک پروازوں پر کرایوں میں 30 فیصد رعایت  کردی گئی ہے۔ اندرون ملک پروازوں پر یک طرفہ کرایہ 12 ہزار 275 سے کم ہو کر 8 ہزار 500 کردیا گیا ہے۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے کا اندرون ملک دو طرفہ کرایہ 24،600 سے کم  ہوکر 17،000 روپے کردیا گیا ہے۔ رعایتی کرایوں پرعملدرآمد آج رات 12 بجے سے ہوگا۔

خیال رہے کہ اس سے قبل کورونا کی دوسری لہر کے پیش نظر پی آئی اے کی انتظامیہ نے ملازمین کے لیے احتیاطی تدابیر کے نئے احکامات جاری کردیے تھے۔

پی آئی اے کے چیف ہیومن ریسورس پرسن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق کورونا وائرس کے پیش نظر ملازمین کے لیے بائیومیٹرک حاضری جزوی طور پر معطل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ملک بھر میں پی آئی اے کے کسی بھی دفتر میں بائیو میٹرک حاضری نہیں لگائی جائیگی ۔ تمام ملازمین اپنی حاضری متعلقہ دفاتر میں موجود رجسٹر میں از خود لگائیں گے۔


متعلقہ خبریں