ادارہ شماریات کی ہفتہ وار رپورٹ جاری، مہنگائی میں معمولی کمی


اسلام آباد: ملک بھر میں رواں ماہ کے دوسرے ہفتے مہنگائی میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی پر ہفتہ وار رپورٹ جاری کی جس کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.22 فیصد کمی ہوئی۔

رواں ہفتے 20 اشیا کی قیمتوں میں اضافہ، 8 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 23 اشیا کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق انڈوں کی فی درجن قیمت میں رواں ہفتے 4 روپے 33 پیسے جب کہ چینی کی فی کلو قیمت میں 84 پیسے کا اضافہ ہوا۔

مہنگائی میں کمی آنا شروع ہو گئی ہے، اسد عمر کا دعویٰ

اس کے علاوہ بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 20 پیسے، لہسن کی فی کلو قیمت میں 11 روپے، پیٹرول 3 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 3 روپے فی لیٹر مہنگا ہوا۔

رپورٹ کے مطابق ٹماٹر کی فی کلو قیمت میں 30 روپے، آلو کی فی کلو قیمت میں 13 روپے جب کہ زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 6 روپے سے زائد کی کمی ہوئی۔

اس کے علاوہ  دال مونگ، دال مسور، آٹا اور گڑ کی قیمتوں میں بھی کمی ہوئی ہے۔


متعلقہ خبریں