ایل او سی پراشتعال انگیزی، بھارتی سفیر طلب


اسلام آباد:لائن آف کنٹرول پر بھارت کی جانب سے جاری بلا اشتعال فائرنگ کے بعد اسلام آباد میں بھارتی سفیر کو دفتر خارجہ طلب کیا گیا ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے بھارتی فورسز نے 19 دسمبر کو ایل او سی کے رکھ چکری سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فائرنگ سے اکھوڑی گاؤں کی 25 سالہ لڑکی شدید زخمی ہوئی۔

رواں سال بھارت سیز فائر معاہدے کی 3003 بارخلاف ورزیاں کر چکا ہے۔ بھارتی اشتعال انگیزیوں میں 27 معصوم شہری شہید،250 زخمی ہوئے۔

دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کا معصوم شہریوں کو جان بوجھ کر نشانہ بنانا انتہائی قابل مذمت ہے۔ ایل او سی، ورکنگ باوَنڈری پر شہری آبادی بھارتی فورسز کا نشانہ ہے۔

نہتے شہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدار کے منافی ہے، بھارت کی پے در پے اشتعال انگیزیاں علاقائی امن کے لیے خطرہ ہیں۔

اس سے پہلے بھی پاکستان نے احتجاج کیا تھا جب گزشتہ دنوں لائن آف کنٹرول کے چری کوٹ سیکٹرمیں اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین کی گاڑی پر فائنگ کی گئی۔

بھارتی فائرنگ میں اقوام متحدہ کے دونوں اہلکار محفوظ رہے تاہم اقوام متحدہ کی گاڑی کو بھارتی فائرنگ سے نقصان پہنچا۔

پاکستان نے مطالبہ کیا ہے کہ بھارت، ایسے ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے دنیا کو گمراہ نہیں کر سکتا۔ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد یقینی بنائے۔ اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو ایل او سی پر فعال کیا جائے۔


متعلقہ خبریں