انتہا پسند مودی سرکار کوئی بھی غلطی نہ کرے، وزیراعظم عمران خان کی بھارت کو وارننگ



اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے مودی سرکار کو واضح کیا ہے کہ بھارت نے فالس فلیگ کی دوبارہ غلطی کی تو بھرپورجواب دیا جائے گا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر سے جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری پر واضح کرنا چاہتے ہیں کہ بھارت نے غلطی کی تو منہ توڑ جواب دیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کے لیے فلیگ آپریشن کی کوشش کرسکتا ہے.

انہوں نے کہا کہ یو این گاڑی پر فائرنگ عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے، بھارت نے ایل او سی پر جان بوجھ کر یو این کی گاڑی کو نشانہ بنایا۔

بھارت کی سرجیکل اسٹرائیک کی تیاری، پاکستان نے خبردار کر دیا


وزیراعظم نے بھارتی رویے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یو این فوجی مبصرین پر حملہ ظاہر کرتا ہے کہ بھارت کوعالمی قوانین کی  پرواہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ 2020 میں بھارت نے 3 ہزار سے زائد مرتبہ سیز فائرمعاہدے کی خلاف ورزی کی، بھارتی افواج نے لائن آف کنٹرول پر جان بوجھ کر شہری آبادیوں کو نشانہ بنایا۔

انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے رواں سال 2 ہزار 76 افراد شہید اور زخمی ہوئے۔

یاد رہے کہ دو روز قبل ابوظہبی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا تھا کہ بھارت پاکستان میں سرجیکل اسٹرائیک کی تیاری کر رہا ہے، بھارت کی سازشوں سے پاکستان مکمل طور پر آگاہ ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ سرجیکل اسٹرائیک کیلئے بھارت اپنے پارٹنرز کی اجازت کا منتظر ہے۔ بھارت میں کسانوں کا بڑا احتجاج جاری ہے۔

انکا کہنا تھا کہ بھارت اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے خطرناک کھیل کھیلنا چاہتا ہے ۔ بھارت نے ایسی کوئی حرکت کی تو افغان امن عمل متاثر ہو گا۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ فوجی کارروائی کی صورت میں خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ یہ انتہائی نازک صورتحال ہے۔ بھارت نے فوجی کارروائی کی تو اسے بھرپور جواب ملے گا۔


متعلقہ خبریں