مشتری اور زحل آج قریب ترین نظر آئیں گے

مشتری اور زحل آج قریب ترین نظر آئیں گے

نظام شمسی کے دو بڑے سیاروں مشتری اور زحل کا ملاپ آج رات کو ہو گا۔

غیرملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ماہرین فلکیات کا کہنا ہے کہ مشتری اور زحل دونوں سیارے 800 سال بعد قریب ترین نظر آئیں گے۔ دونوں سیارے غروب آفتاب کے فوراً بعد افق پر جنوب مغرب کی جانب نظر آئیں گے۔

دونوں سیارے ڈبل سیارے کی طرح دکھائی دیں گے جو پاکستان سمیت  دنیا بھر میں دیکھے جا سکیں گے۔

دونوں سیاروں کے قریب آنے کی شب وہ ہے جو شمالی نصف کرے میں سال کی طویل ترین رات ہوگی اور چونکہ یہ کرسمس کے قریب ہو رہا ہے تو مختلف عیسائی حلقوں کی جانب سے مختلف خیالات بھی پیش کیے جا رہے ہیں۔

کچھ حلقوں کے مطابق سیاروں کے اس ملاپ یا منفرد خلائی ایونٹ سے آسمان پر ایسی روشنی نظر آسکتی ہے جو شاید 2 ہزار سال قبل دیکھنے میں آئی تھی۔

2 ہزار سال پہلے کی اس روشنی کو ستارہ بیت لحم یا کرسمس اسٹار بھی کہا جاتا ہے۔

ایسا آخری بار مارچ 1226 میں اس وقت ہوا تھا جب دنیا کے مختلف خطوں کو فتح کرنے والے چنگیز خان کا انتقال ہوا۔

ویسے بظاہر ایک دوسرے کے بہت زیادہ قریب ان سیاروں کے درمیان درحقیقت 45 کروڑ میل سے زیادہ کی دوری ہوگی جبکہ زمین مشتری سے 55 کروڑ میل سے زیادہ دور ہو گی۔


متعلقہ خبریں