سعودی عرب میں دوسرے سینما گھر کا افتتاح کر دیا گیا


ریاض: سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں طویل عرصے بعد پہلا سینما گھر کھلنے کے چند ہفتوں بعد ہی دوسرے سینما گھر کا افتتاح کر دیا گیا ہے۔

اس سے پہلے سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی نے گزشتہ ماہ معروف امریکی کمپنی اے ایم سی کو ملک میں پہلا سینما گھر کھولنے کا لائسنس جاری کیا تھا۔

اے ایم سی دنیا کی سب سے بڑی سینما چین کی مالک کمپنی ہے۔

دوسرا سینما گھر (واکس سینما) سعودی دارالحکومت کے ایک مصروف ترین علاقے کے خوبصورت شاپنگ مال میں کھولا گیا ہے۔ واکس سینما میں داخلے کے لیے ٹکٹس کی قیمتیں بھی کم رکھی گئی ہیں۔ جو موبائل ایپلی کیشن واکس پر دستیاب ہوں گی۔

سعودی عرب نے تفریح کے شعبے اور صنعت کو ترقی دینے کے نام پر آئندہ پانچ سال کے دوران میں 15 شہروں میں 40 سینما گھر کھولنے کا اعلان کیا تھا۔

سعودی عرب کی وزارت ثقافت اور اطلاعات کے تخمینے کے مطابق مملکت میں سینماؤں کے کھلنے سے مجموعی قومی پیداوار ( جی ڈی پی ) میں 24 ارب ڈالرز کا سالانہ اضافہ ہوگا۔

سینما کی صنعت کی ترقی سے 2030ء تک 30 ہزار سے زائد کل وقتی ملازمتوں کے مواقع پیدا ہوں گے۔اس کے علاوہ ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ جز وقتی روزگار کے مواقع میسر آئیں گے۔


متعلقہ خبریں