اپوزیشن کو کسی صورت این آر او نہیں ملے گا، وزیراعظم


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے اپوزیشن کی جانب سے قومی احتساب بیورو (نیب) قانون میں تجاویز کو این آراو قرار دے دیا۔

پارٹی رہنماؤں اورحکومتی ترجمانوں کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم  نے اپوزیشن کو این آر او کسی صورت نہ دینے کا اعلان  کرتے ہوئے کہا  کہ نیب قانون میں تجاویز کی شکل میں این آراو مانگا گیا۔

وزیراعظم کی زیرصدارت پارٹی رہنماؤں اورحکومتی ترجمانوں کا اجلاس ہوا جس میں مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے اپوزیشن کی نیب قانون میں مجوزہ تجاویز پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن نےنیب قانون میں ترمیم کی شکل میں این آراو مانگا ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی حکومت آنے سے پاکستان کی ترقی کورنٹین ہو گئی، مریم نواز

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کا مطالبہ ہے کرپشن پر نااہلی کی سزا ختم ہو۔ اپوزیشن چاہتی ہے کہ نیب ایک ارب سے کم کی کرپشن پر کارروائی نہ کرے، یہ کرپشن پر نااہلی کی سزا ختم کرانا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم  کا کہنا تھا کہ سینیٹ کے شفاف انتخابات پر اپوزیشن کا دوہرا معیار سامنے آیا ہے، ہم شفاف سینیٹ الیکشن کرانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے پارٹی رہنماؤں اور حکومتی ترجمانوں کو ہدایت کی کہ کام پر توجہ مرکوز رکھی جائے اور عوام کو حد درجہ ریلیف دیا جائے۔


متعلقہ خبریں