ایران9/11 کے متاثرین کو اربوں ڈالرز ادا کرے،امریکی عدالت


نیویارک: امریکی عدالت نے ایران کو9/11 (نائن الیون) میں ملوث قرار دیتے ہوئے لواحقین کو اربوں ڈالر ادا کرنے کا حکم دے دیا۔

منگل کو کیس کی سماعت کرتے ہوئے امریکہ کی وفاقی عدالت نے ایران کو گیارہ ستمبر 2001 میں ہونے والے واقعہ میں ملوث قرار دیتے ہوئے حادثہ کے متاثرین  کے ایک ہزار سے زائد لواحقین کو اربوں ڈالر ہرجانہ ادا کرنے حکم دے دیا۔

عدالت نے ایران کو حکم دیا کہ حادثہ کے متاثرین کے لواحقین کو شریک حیات کی ہلاکت پر 14 ارب 60 کروڑ روپے، والدین اور بچے کی ہلاکت پر 99 کروڑ 26 لاکھ روپے اوربہن یا بھائی کی ہلاکت پر 4 کروڑ 63 لاکھ روپے ادا کرے۔

عدالت نے فیصلہ سنایا ہے کہ ایرانی حکومت، پاسداران انقلاب اورایرانی سینٹرل (مرکزی ) بینک نائن الیون میں ملوث ہائی جیکرز کے مددگار رہے ہیں۔

دسمبر 2004 کو امریکی عدالت میں مقدمہ دائر کیا گیا تھا جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ایران نے نائن الیون میں ملوث القاعدہ کے ہائی جیکرز کی معاونت اور ٹریننگ کی ہے۔

نائن الیون کے واقعہ کی سرکاری سطح پر کی گئی تحقیقاتی رپورٹ (نائن الیون کمیشن رپورٹ) کے مطابق ایران اس حملے میں براہ راست ملوث نہیں تھا۔

قانونی طور پرایسا کوئی طریقہ کار نہیں ہے جس کے تحت ایران کو اس فیصلے پر عمل کرنے کے لیے مجبور کیا جا سکے۔


متعلقہ خبریں