گھریلو جھگڑا: شوہر نے دوسری بیوی اور اس کے دو بچوں کو قتل کر دیا


لاہور: لاہور کے علاقے گرین ٹاون میں گھریلو جھگڑے پر شوہر نے اپنی دوسری بیوی اور اس کے دو بچوں کو قتل کر دیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتار کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

پولیس کے مطابق گھر میں کپڑے چوری ہونے پر جھگڑا تہرے قتل کا باعث بن گیا۔ گرین ٹاون میں بیوی کی جانب سے چوری کے الزام پر عاشق علی اس قدر برہم ہوا کہ  اس نے اپنی دوسری اہلیہ شمیم،اس کی بیٹی فوزیہ اور بیٹے فیصل کی جان لے لی۔

ملزم کی 15 سالہ بھانجی سماویہ نے واقعہ سے متعلق بتایا کہ دونوں کا پہلے جھگڑا ہوا اور اس کے بعد اس کے ماموں نے ممانی کو قتل کر دیا۔ شمیم کے پہلے شوہر سے دو بچے تھے۔ عاشق علی سے شادی کے بعد وہ اپنی ماں کے ساتھ رہ رہے تھے۔

پولیس کے مطابق مقتولہ شمیم بی بی نے کچھ عرصہ پہلے ملزم عاشق علی سے شادی کی، پولیس کے مطابق دونوں کے درمیان جائیداد کا تنازع بھی تھا۔

مزید پڑھیں: اسلام آباد: ماں نے اپنے سوتیلے بیٹے کو گلہ گھونٹ کر قتل دیا

ایس پی آپریشنز اشفاق احمد خان کے مطابق دونوں میاں بیوی کا معمولی سا جھگڑا تھا، کچھ جائیداد کا تنازع بھی تھا اور ملزم کی بیوی نے اس پر کپڑے چوری کرنے کا الزام  بھی لگایا تھا۔

پولیس کے مطابق ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس نے بچوں کو مزاحمت پر قتل کیا۔ ملزم کے مطابق دونوں بچے اسے چھڑوانا چاہ رہے تھے جس پر انہیں بھی قتل کر دیا

پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد اور ملزم کے بیان کی روشنی میں واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


متعلقہ خبریں