جے یو آئی ف کے ایک اور رہنما پارٹی کیخلاف بول پڑے

جے یو آئی رہنما

فائل فوٹو


مردان سے جمعیت علمائے اسلام ف کے رہنما مولانا شجاع الملک نے مولانا شیرانی کی تائید کر دی ہے۔

مولانا شجاع الملک نے کہا کہ پارٹی کے ادنیٰ کارکن کو بھی صورتحال کا علم ہے۔ پارٹی کی تنظیم سازی میں دھاندلی ہوئی، میں اس عمل سے گزرا ہوں۔

انہوں نے کہ سلیکٹڈ اورخیانت کے الفاظ مولانا شیرانی نے استعمال کیے، سلیکٹڈ وہ ہوتا ہے جو دھاندلی سے آئے۔ تنظیم کو ڈیزائن کیا گیا جمہوری طریقہ سے انتخاب کی بات درست نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حافظ حسین احمد بھی پارٹی کے اکابرین میں سے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے بیانیہ کے حوالے سے حافظ حسین نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔

مولانا شجاع الملک نے کہا حافظ حسین احمد مجلس عاملہ کے رکن ہیں ان کو سننا چاہیے تھا۔ کیا اس کا مطلب یہ ہے جو بھی آواز اٹھائے گا اسے فارغ کیا جائے گا۔

جے یو آئی رہنما نے کہا کہ حافظ حسین احمد کے ساتھ زیادتی ہوئی ہے، وہ پرانے اکابرین میں سے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) ف کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین اسلامی نظریاتی کونسل مولانا محمد خان شیرانی نے کہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان خود سلیکٹڈ ہیں، وہ عمران خان کو کیسے سلیکٹڈ کہتے ہیں۔

جے یو آئی ف کے سینئر رہنما کا کہنا تھا کہ میں اپنے ساتھیوں سے مشورہ کر کے بلوچستان کے تمام اضلاع میں پارٹی دفاتر قائم کروں گا۔


متعلقہ خبریں