کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، تین زخمی حالت میں گرفتار

کراچی: مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ملزم ہلاک، تین زخمی حالت میں گرفتار

فائل فوٹو


کراچی: کراچی کے علاقے نمائش چورنگی کے قریب گھر میں ڈکیتی کی نیت سے داخل ہونے والے ڈاکوؤں کے ساتھ مبینہ پولیس مقابلے کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک جبکہ تین زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے۔

پولیس کے مطابق پانچ ڈاکوؤں نے ایک گھر پاسٹر جارج ہاؤس میں ڈکیتی کے لیے دھاوا بولا تھا، پاسٹر جارج کے بیٹے نے ون فائیو پر ڈکیتی کی اطلاع دی، پولیس موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوااور تین ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک و زخمی ہونے ڈاکوؤں کی شناخت ہوگئی ہے۔ ہلاک ملزم کی شناخت اسد کے نام سے ہوئی ہے جبکہ زخمی حالت میں گرفتار ہونے والوں کی شناخت طور جان، عبداللہ اور صادق کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق ہلاک و زخمی ملزم افغانی ہیں جن کا کرمنل ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی کے علاقے ڈیفنس فیز فور میں  ہونے والا پولیس مقابلہ مشکوک ہو گیا تھا۔

ڈیفنس میں امام بارگاہ یثرب کے قریب واقع بنگلے کے مالکان علی حسنین  اور لیلیٰ پروین نے مقابلے  کو جعلی قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ  رات ساڑھے چار بجے گھر پر پولیس اور سادہ لباس میں اہلکار آئے تھے۔

علی حسنین کے مطابق ان کی ساس، نند  اور   ڈرائیور عباس گھر پر موجود تھا۔ پولیس ا ن کے ڈرائیور اور گاڑی کو ساتھ لے گئے اور مبینہ طور پر  ڈرائیور کو قتل کردیا۔

مزید پڑھیں: کراچی میں مبینہ پولیس مقابلہ: 5 ملزمان ہلاک

پولیس کے مطابق صبح ساڑھے 4 بجے پولیس گشت کرتے ہوئے ڈیفنس فیز 4 کے بنگلے میں پہنچی اور ایک ویگو گاڑی کومشتبہ سمجھتے ہوئے روک کرچیک  کیا تو گاڑی میں موجود افراد بنگلے کی دیوار کود کر اندر چلے گئے۔

پولیس نے پیچھا کرتے ہوئے  بنگلےمیں داخل ہوگئی اور ملزمان نے پولیس پرفائرنگ کردی۔ جوابی فائرنگ میں 5 ملزمان زخمی ہوئے۔ اسپتال منتقل کرتے ہوئے ملزمان ہلاک ہوگئے۔

پولیس کے مطابق مارے گئے ملزمان 11 رکنی گروہ کی صورت میں وارداتیں کرتے تھے۔ گروہ کے 6 افراد جیل میں ہیں۔ گروہ کا سرغنہ پنجاب میں جلال پور تھانہ سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب تھا۔

پولیس کا کہنا تھا کہ بنگلے کا ڈرائیور عباس ہلاک ملزموں کا ساتھی جبکہ غلام مصطفیٰ گروہ کا سرغنہ تھا۔ ہلاک ملزم ریاض اور عابد  ماضی میں  گرفتار ہوچکے تھے۔ تحویل میں لی گئی گاڑی ملزم عباس کے زیر استعمال تھی۔

پولیس کے کرمنل ریکارڈ کے مطابق ہلاک ملزموں کے خلاف دو  سال کے دوران گھروں میں ڈکیتی اور چوری  کے20  مقدمات درج  کئے گئے۔ 2018   میں ملزمان کے خلاف 14 جبکہ 2019  میں 6  ایف آئی آر کٹوائی گئیں۔

 

 


متعلقہ خبریں