لاہور: ترک کمپنیوں سے صفائی کی ذمہ داری واپس لے لی گئی

لاہور: ترک کمپنیوں سے صفائی کی ذمہ داری واپس لے لی گئی

فوٹو/فائل


لاہور: پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں صفائی پر معمور ترک کمپنیوں سے ذمہ داری واپس لے لی گئی ہے۔

ہم نیوز کے مطابق لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (ایل ڈبلیو ایم سی) نے ترک کمپنیوں کے کنٹریکٹ میں مزید توسیع نہ دینے کا فیصلہ کرتے ہوئے مشینری کو بھی تحویل میں لے لیا ہے۔ باغوں کے لاہور کا کوڑا اب ویسٹ مینجمنٹ کمپنی خود اٹھائے گی۔

ایل ڈبلیو ایم سی کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر عمران علی نے چار دن میں شہر سے کوڑا اٹھانے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں لوگوں کی مشکلات معلوم ہیں، کام شروع کر دیا ہے، 25 دسمبر تک شہر کو صاف ستھرا بنا دیں گے۔

مزید پڑھیں: لاہور: مختلف جگہوں پر گندگی کے ڈھیر، تعفن پھیلنے لگا

سی ای او لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی عمران علی سلطان کے مطابق ترک کمپنیوں کی وجہ سے مالی بے ضابطگیاں سامنے آئیں اور نیب کے نوٹسز ملتے رہے جبکہ آئے دن ہڑتالیں ہوتی رہیں، تاہم اب مزید بلیک میل نہیں ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ترک کمپنیوں کے واجبات ادا کردی ہیں۔ اگر پھر بھی کوئی مسئلہ ہے تو آئیں بات کریں بلیک میل نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب ایل ڈبلیو ایم سی نے ترک کمپنیوں میں کام کرنے والے تمام ملازمین کو بھی نوکریوں پر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔

خیال رہے صفائی کمپنی کی جانب سے ناقص انتظامات کے باعث باغوں کا شہر کوڑے کا ڈھیر بننے لگا ہے۔ جگہ جگہ کوڑے کے ڈھیر شہریوں کیلئے درد سر بن گئے ہیں۔ کچرے کے باعث مچھروں کی بھرمار سے بیماریاں جنم لینے لگی ہیں۔


متعلقہ خبریں